برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کر دیا

مذہبی بنیاد پر تشدد ، ممکنہ دہشتگردی اور اغوا کے واقعات کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو یہ تنبیہہ کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 16:59

برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کر ..
برطانیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے جس کی وجہ ممکنہ دہشتگردی ، مذہبی بنیاد پر تشدد اور اغوا کے واقعات کا خدشہ ہے۔ فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے خدشہ ظاہر کیا کہ غیر ملکی کو نشانہ بنائے جانے کے زیادہ امکانات ہیں۔

فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان جے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں دہشتگردانہ حملوں کی دھمکیاں ہیں۔ جبکہ ممکنہ دہشتگرد حملے کے ساتھ ساتھ اغوا اور مذہبی بنیاد پر قتل و غارت کا بھی اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

چھوٹی سی بات پر احتجاج کیا جاتا ہے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے یہ احتجاج پُر تشدد ہو جاتا ہے لہٰذا احتجاج والی اور زیادہ رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جائے۔

فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹس ، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں لہٰذا ایسی جگہوں پر جانے سے احتیاط برتی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ کی جانب سے بھی شہریوں کو ایسا ہی ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا۔ امریکہ نے دہشتگردانہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور پاک بھارت ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشتگردانہ حملوں کا شدید خطرہ ہے ۔ امریکی شہری ایسے حملوں کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کاغیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں ۔