غیر قانونی طورپر نظربندیاسین ملک شدید علیل ، دہلی کے ہسپتال میںزیر علاج

مائسمہ میں ہڑتال ، ترہگام میں نوجوان پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:35

غیر قانونی طورپر نظربندیاسین ملک شدید علیل ، دہلی کے ہسپتال میںزیر ..
سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی غیر قانونی حراست کے دوران بھوک ہڑتال کرنے والے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بگڑتی ہوئی صحت کے باعث نئی دلی کے ایک ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس بات کا انکشاف سرینگر میں محمد یاسین ملک کے اہلخانہ نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ لبریشن فرنٹ کے سربراہ10اپریل سے بھوک ہڑتال پر تھے جنہیںچار روز قبل انتہائی نازک حالت میں نئی دلی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم انہیں اس بارے میں آج بتایا گیا۔ محمد یاسین ملک ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں این آئی اے کی حراست میں ہیں۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ دہلی کی عدالت کے احکامات کے مطابق یاسین ملک کے وکیل کو آج ان سے ملنا تھا لیکن گزشتہ رات این ائی اے کے حکام نے انہیں بتایا کہ مجوزہ ملاقات منسوخ کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہاکہ آج صبح حکام نے ان سے دوبارہ رابطہ کرکے انہیں دہلی کے رام منوہر ہسپتال آنے کے لیے کہاگیا جہاںانہوں نے محمد یاسین ملک کو نازک حالت میں دیکھا۔ انہوں نے کہاکہ محمد یاسین کے ساتھ این آئی اے کے ظالمانہ سلوک کے خلاف جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ 28اپریل سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پانچ روزہ دھرنا دے گی۔ دریں اثنا محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت اور انکی ہسپتال منتقلی کی خبر پھیلتے ہی سرینگر میں ان کے آبائی علاقے مائسمہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پرشدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ کی حالت پر تمام کشمیری پریشان ہیں اوریہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کا علاج ، صحت اور تحفظ یقینی بنائے۔ حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے ایک بیان میں کہاکہ محمد یاسین ملک کا تحفظ قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس نے ان کو گرفتارکرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا تھا۔

تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے بھی اپنے بیانات میں این آئی اے کی حراست میں محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پرشدید تشویش کااظہار کیاہے۔ ضلع کپوارہ کے علاقے ترہگام میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک مقامی نوجوان کو تشددکانشانہ بنانے اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔

ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ایک لاپتہ نوجوان ریاض احمد کے اہلخانہ نے ان کی بازیابی کے لیے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ ریاض گزشتہ کئی روز سے لاپتہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میںہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے تین کشمیری نوجوانوں کی نظربندی کے احکامات کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری طورپر رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔