لله*مہمند، فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول یوسف خیل میں ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب کا اہتمام

پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں بیسٹ سٹوڈنٹس اور پرنسپلز میں ایوارڈز تقسیم۔ درجنوں یتیم طلباء میں سکول یونیفارمز اور بیگز بھی تقسیم کیئے گئے

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:46

aمہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) مہمند، فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول یوسف خیل میں ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب کا اہتمام۔ پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں بیسٹ سٹوڈنٹس اور پرنسپلز میں ایوارڈز تقسیم۔ درجنوں یتیم طلباء میں سکول یونیفارمز اور بیگز بھی تقسیم کیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع مہمند کابینہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول یوسف خیل تحصیل حلیمزئی ضلع مہمند میں ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں ضلع مہمند کے مختلف پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے طلباء اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء اور طالبات نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب سے فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر سعید اللہ قبائلی، نائب صدر اسرافیل، محمد بصیر خان صدر ضلع مہمند، تنظیم کے رہنمائوں علیم خان، گل درب، نظام ،فیصل، بلال اور دوسرے مہمانوں جماعت اسلامی کے رہنماء محمد سعید خان، ملک جہانزیب، آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر مرجان علی مہمند اور انور چمکنی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تنظیم کے صدر سعید اللہ قبائلی نے کہا کہ ہماری تنظیم ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اور قبائلی اضلاع میں تعلیم کی فروغ اور اس کی اہمیت اُجاگر کرنے میں کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے فری ٹیوشن اکیڈمیز سے ہزاروں طلباء و طالبات مستفید ہوئے ہیں۔ اور چار سو سے زیادہ یتیم طلباء کو فری تعلیم کی سہولت دیا ہے۔ انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیم کی اہمیت اُجاگر کریں گے۔ تقریب کے آخر میں تنظیم کی جانب سے پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے طلباء میں بیسٹ سٹوڈنٹس ایوارڈز اور پرنسپلز میں بھی ایوارڈز تقسیم کیئے گئے۔ اور درجنوں یتیم طلباء میں سکول یونیفارمز اور بیگز تقسیم کیئے گئے۔