۵لکی مروت:ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے زیر اہتمام لکی شہر میں منشیات بالخصوص آئس نشے کے خلاف آگہی واک

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:46

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے زیر اہتمام لکی شہر میں منشیات بالخصوص آئس نشے کے خلاف آگہی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر اور ڈی پی او عبدالحئی خان نے کی، واک میں ضلع ناظم ایڈووکیٹ اقبال حسین، نائب ناظم حاجی عرب خان ، سابق ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل، مروت قومی جرگے کے سربراہ حاجی محمد اسلم خان ،تحصیل ناظم حاجی ہدایت اللہ خان ، نائب ناظم ایڈووکیٹ حافظ آصف سلیم، سابق تحصیل ناظم ایڈووکیٹ فرید اللہ خان مینا خیل، ڈسٹرکٹ کونسلر وحید اسلم خان، عمائدین علاقہ، بوائے سکائوٹس، طلبہ، اساتذہ ، تاجروں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ٹائون ہال بلڈنگ سے شروع ہونے والی واک لکی تاجہ زئی روڈ پر مین اڈے پہنچ کر ختم ہوئی، شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے متعلق نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ٹائون ہال بلڈنگ میں آگہی سیمینار سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ منشیات خاص کر آئس نشہ نوجوانوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ہمیں اس کے تدارک کے لئے مربوط کوششیں بروئے کار لانی چاہیں، منشیات کا مکمل خاتمہ اور اس لعنت سے نوجوانوں کو بچانا ہمارا دینی، اخلاقی، قانونی اور قومی فریضہ ہے، پولیس منشیات فوشوں کے خلاف جاری جہاد کو عوام کے تعاون سے نتیجہ خیز بنائے گی، لوگوں کو چاہیے کہ وہ منشیات فروشوں کا سوشل بائیکاٹ کریں اور اپنے علاقوں میں منشیات فروشی کی اطلاع پولیس اور انتظامیہ کو کریںتاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمائدین علاقہ ، بلدیاتی نمائندوں اور علماء کرام کو اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کے خلاف مہم چلانی چاہیے۔ سیمینار سے ضلع ناظم ایڈووکیٹ اقبال حسین ، ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر،ڈی پی او عبدالحئی خان، مولانا حبیب اللہ حقانی، تحصیل ناظم حاجی ہدایت اللہ خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔