۷ گندم خریداری مہم میں حکومت کی طے کردہ پالیسی کو من و عن نافذ کیا جائے گا ،کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال

باردانہ اجراء و گندم خریداری میں کسی قسم کی بے قاعدگی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، گندم خریداری مہم کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:46

Lبہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا ہے کہ گندم خریداری مہم میں حکومت کی طے کردہ پالیسی کو من و عن نافذ کیا جائے گا ۔ باردانہ اجراء و گندم خریداری میں کسی قسم کی بے قاعدگی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شکایات کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری مہم کے حوالہ سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیورضوان قدیر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شبیر احمد علوی اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں جمیل احمد جمیل، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر رانا محمد سلیم افضل شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے کہا کہ تینوں اضلاع کے انتظامی افسران اپنے اضلاع میں گندم خریداری مہم کے تمام امور میرٹ اور شفافیت سے سرانجام دینے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ کاشتکار کے حقوق کو تحفظ حاصل ہو اور مڈل مین کے کردار کی نفی ہوسکے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری کے لئے 6لاکھ 40ہزار 594میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع بہاول پور سے 2لاکھ 42ہزار 16میٹرک ٹن، ضلع بہاول نگرسے 2لاکھ 74ہزار 832میٹرک ٹن اور ضلع رحیم یار خاں سے ایک لاکھ 23ہزار 746میٹرک ٹن گندم خرید کی جائے گی۔ گندم خریداری کے لئے ڈویژن بھر میں 70خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

ضلع بہاول پور میں 12پی آر سنٹرز، 16فلیگ سنٹرز اور مجموعی طور پر 28مراکز پر گندم خریداری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ضلع بہاول نگر میں 12پی آر سنٹرز،10فلیگ سنٹرز اور مجموعی طور پر 22خریداری مراکز جبکہ ضلع رحیم یار خاں میں 14پی آر سنٹرز، 6فلیگ سنٹر زاور مجموعی طور پر 20خریداری مراکز پر گندم خرید کی جائے گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے ہدایت کی کہ افسران کسی دباؤ کا شکار ہوئے بغیر میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کے تحت گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بے قاعدگی کی شکایت کی صورت میں انکوائری ہوگی اور ذمہ داران کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کو معاشی طور پر خوشحال بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور گندم خریداری مہم میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و ملازمین کی پذیرائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :