کوہاٹ ،شب برآت کے احترام میں ’جشن کوہاٹ امن فیسٹیول‘افتتاح کے چند گھنٹوں بعد ہی عارضی طور پر (آج) تک ملتوی

ہفتہ 20 اپریل 2019 20:55

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) کوہاٹ میں شب برآت کے احترام میں 'جشن کوہاٹ امن فیسٹیول' افتتاح کے چند گھنٹوں بعد ہی عارضی طور پر آج اتوار تک ملتوی کردیا گیا۔قبل ازیں ہفتہ کے روز صوبائی مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور ضلعی ناظم نسیم آفریدی نے کوہاٹ سپورٹس سٹیڈیم میں فیتہ کاٹ کر 'امن فیسٹیول' کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مزاحیہ خاکے، ڈرامے اور موسیقی پیش کی گئی جہاں مبینہ طور پر انڈین گانوں پر بے ہودہ ڈانس بھی کیا جاتا رہا۔

(جاری ہے)

ادھر شب برآت کے موقع پر موسیقی کے نام سے انڈین گانوں کی بھرمار پر عوامی رد عمل سامنے آنے کے بعد امن میلہ کی انتظامیہ کو غلطی کا احساس ہوا اور شب برآت کے با برکت موقع پر امن فیسٹیول شام پانچ بجے کے بعد ملتوی کرنے کا اعلان کیا جو اب آج اتوار کے روز سہ پہر تین بجے دوبارہ شروع ہوگا۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے فیسٹیول میں مبینہ طورپر انڈین گانوں پر ناچنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عبادت کی رات ناچ گانوں کا کیا مطلب ہے۔ امن میلہ میں کئی ممتاز پشتو فنکاروں اور اداکاروں نے شرکت کی جن میں اسماعیل شاہد، سجاد خلیل اور گلوگار الماس خلیل بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :