بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:00

ملتان ۔20اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔سرکاری سکولوں کی زیر تعمیر عمارتوں کو جلد مکمل اور مٹیریل کے درست استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے ،ہیلتھ مراکزمیں ادویات وافر مقدار میں موجود ہے، محکمہ صحت کا سٹاف کار کردگی بہتر بنائے اور آنے والے ہر مریض کوطبی سہولت فراہم کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم بیلہ میں زیر تعمیر سکولوں کا معائنہ اور شیرشاہ میں رورل ہیلتھ سنٹر کے دورے کو موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سلیم لابر ،اسسٹنٹ کمشنرز قاضی منصور ،طیب خان،ڈی ایم ڈی نسیم خالد چانڈیو،ایکسین بلڈنگ عبدالسلام، ڈائریکٹر واٹر سپلائی واسا مشتاق خان،سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان،اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس بھی ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے قاسم بیلہ میں زیر تعمیر بوائز اینڈ گرلز سکولوں کے معائنے کے دوران کہا کہ سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں استعمال ہونیوالے مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے ،تعمیراتی کام کا باقاعدہ معائنہ کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سیوریج سکیم قاسم بیلہ کو جلد مکمل کیا جائے،یہ فلاحی کام ہے اور اسے جلد مکمل ہونا چاہیے ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو اس بارے میں جلد ریلیف ملے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے رورل ہیلتھ سنٹر شیر شاہ کاوزٹ کیا۔اس دوران ناقص کارکردگی پر انہوں نے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال کو آر ایچ سی میراں ملحہ اور ڈسپنسر سمیع ہاشمی کو ٹی ایچ کیو جلالپور پیروالا ٹرانسفراور ایل ایچ وی گل رخ کو برطرف کردیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوام کوصحت کی سہولیات کی فراہمی میںکوئی رکارٹ برداشت نہیں کریںگے،سٹاف اپنی کارکردگی اور حاضری بہتر بنائے ،ہسپتال آنے والے ہر مریض کو ریلیف ضرور دیا جائے ۔اس موقع پر انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر شیر شاہ کا حاضری رجسٹر اور ادویات کا سٹاک بھی چیک کیا ۔