ابھی نندن کو اعزاز سے نواز دینے سے بھی جھوٹ سچ نہیں بن جائے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر

اگر ابھی نندن کسی دباؤ میں آکر یہ اعزاز لے بھی لیتے ہیں تب بھی جھوٹ جھوٹ ہی رہے گا،میجر جنرل آصف غفور

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ اپریل 21:32

ابھی نندن کو اعزاز سے نواز دینے سے بھی جھوٹ سچ نہیں بن جائے گا،ڈی جی ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل2019ء) بھارت کی جانب سے پاکستان کا ایف 16طیارے گرانے کے جھوٹے دعوے کو بنیاد بنا کر ونگ کمانڈر ابھی نندن کو اعزاز دیے جانے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جیسے بار بار جھوٹ بولنے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا اسی طرح جھوٹ کو بنیاد بنا کر اعزاز دینے سے بھی جھوٹ جھوٹ ہی رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی نندن ایک ایماندار اور پیشہ ور فوجی ہے اس لیے امید ہے کہ وہ اس قومیت کے غلاف میں لپیٹ کر پیش کیے جانے والے جھوٹے اعزاز کو قبول نہیں کرے گا لیکن اگر کسی دباؤ کی وجہ سے وہ ایسا کر بھی لیتا ہے تو بھی جھوٹ جھوٹ ہی رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ویر چکر نامی اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے جو کہ بھارت کا اعلیٰ فوجی اعزاز ہے اور اس اعزاز کو دینے کی وجہ بھارت نے یہ بتائی ہے کہ ابھی نندن نے پاکستان کا ایف16طیارہ گرایا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن پوری دنیا جانتی ہے اور پاکستان ثابت بھی کر چکا ہے کہ پاکستان کا کوئی ایف16طیارہ تباہ نہیں ہوا اور امریکہ کے نمائندے پاکستان میں موجود ایف16طیارے گننے کے بعد یہ بتا چکے ہیں کے پاکستان کے طیارے پورے ہیں۔ تاہم بھارت ابھی بھی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور بار بار جھوٹ بول رہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کا ایف16طیارہ گرایا ہے۔یاد رہے کہ 14فروری کو پلوامہ میں ہونے والے واقع کے بعد 26اور27فروری کے دوران پاکستان اور بھارت کی فضائیہ کے درمیان ڈاگ فائٹ ہوئی تھی جس میں پاکستان نے بھارت کے 2طیارے مار گرائے تھے اور اس بات کے ثبوت بھی پیش کیے تھے البتہ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کا ایک ایف16طیارہ گرایا گیا ہے لیکن بھارت اس دعوے کا کوئی ثبوت نہیں دے سکا تھا۔