مولانا فضل الرحمان کا عید کے فوری بعد اسلام آباد لاک ڈاون کا اعلان

اپوزیشن دوبارہ انتخابات پرمتفق ہے، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا، سربراہ جے یو آئی ف

muhammad ali محمد علی ہفتہ اپریل 21:44

مولانا فضل الرحمان کا عید کے فوری بعد اسلام آباد لاک ڈاون کا اعلان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2019ء) مولانا فضل الرحمان کا عید کے فوری بعد اسلام آباد لاک ڈاون کا اعلان، سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن دوبارہ انتخابات پرمتفق ہے، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ دوبارہ انتخابات ہوں اور ہم سب اس کے حق میں ہیں۔

 نئے اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر تمام اپوزیشن متفق ہے۔ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ حکومت پشاور کو چلا سکتی ہے، خیبر پختونخوا کو اور نہ ہی پاکستان کو، جو صوبے کو نہیں چلا سکے وہ ملک کیا چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام پاکستان کی تاریخ میں آمریت کی علامت ہے، ایسا لگ رہا ہے کے ٹیکنوکریٹکس کی حکومت لائی جارہی ہے، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان کا بجٹ آئی ایم ایف تیار کریگا۔ معاشی پالیسیوں نے ملک کو یہاں تک پہنچادیا کہ آئی ایم ایف ہمارے معاشی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، موجودہ حکومت آنے والے بجٹ کو پیش کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرول اور ڈیزل مہنگائی کے آخری حدود تک پہنچ گئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے آٹھ ماہ کے دوران یومیہ 15 ارب روپے کا قرضہ لیا، 30 سال میں اتنے قرضے نہیں لیے گئے جتنے اس دوران لیے گئے اور اس کے باوجود معاشی صورت حال ٹھیک نہیں، اس حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے پر لاگت کی رقم آئے روز بڑھتی جارہی ہے، 25 ارب کا منصوبہ ایک کھرب تک پہنچ چکا ہے۔ یہ منصوبہ شہریوں کے عذاب بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے ڈیزائن پر اربوں روپے لگا کر شہر کو تباہ کر دیا گیا، کیا احتساب صرف اپوزیشن کیلئے ہی بی آرٹی کے خلاف مرتب رپورٹس پر عمل درآمد کیوں روکا گیا ۔ پشاور سے لے کر بلوچستان تک دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، ملک بدترین حالات سے دوچار ہے اور ملک میں جھوٹی حکومت ہے۔