گورنر سندھ کا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کراچی کے چلڈرن کینسر سینٹر کا دورہ

پچھلے 20 سال سے چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن کا چلڈرن کینسر سینٹر کامیابی سے چلانا قابل ستائش امر ہے،گورنر سندھ

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کراچی کے چلڈرن کینسر سینٹر کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ نے ادارہ کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر موجود مریض بچوں سے ان کی خیریت اور ان کے تیمارداروں سے مسائل دریافت کئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پچھلے 20 سال سے چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن کا چلڈرن کینسر سینٹر کامیابی سے چلانا قابل ستائش امر ہے اور یہ بات بھی قابل تعریف ہے کہ اب تک چلڈرن کینسر سینٹر میں ایسوسی ایشن کے تحت8000 سے زائد مریضوں کو بلامعاوضہ علاج فراہم کیا گیاہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا وژن ہے کہ عوام کو تعلیم و صحت کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اس ضمن میں سندھ میں ابتدائی طور پر پانچ اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جلد اس کو دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی جبکہ وفاقی حکومت پورے ملک میں یکساں طبی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے وژن پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ سے زائد رقم سے علاج کی سہولیات دستیاب ہونگی۔

گورنر سندھ نے چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن کوپانچ لاکھ روپے عطیہ کا بھی اعلان کیا۔ اس سے قبل چائلڈ ایسوسی ایشن کے صدر طارق شفیع نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایسوسی ایشن پچھلے 20 سال سے چائلڈ کینسر سینٹر کو مخیر حضرات اور دیگر عطیہ دینے والے اداروں کے تعاون سے باخوبی اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو اپنے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ جگہ کی کمی کے باعث محدود تعداد میں مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں، اگر جگہ فراہم کی جائے گی تو مزید مریضوں کے علاج کے علاوہ اندرون سندھ اور دیگر صوبوں سے آئے ہوئے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لئے شیلٹر ھوم کے قیام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔ گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ جلد متعلقہ اداروں سے شیلٹر ھوم کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی بات کریں گے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ دارالصحت اسپتال واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔