Live Updates

وزیر بلدیات سندھ کا وفاقی کابینہ میں ردو بدل کے حوالے سے بیان بدنیتی پر مبنی ہے، وفاقی مشیر بحری امور محمود مولوی

پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت درست طریقے سے چلائے اور عوام کو سہولیات مہیا کی جائیں تو ہمیں خوشی ہوگی ہمیں اس پر حیرت ہے کہ پیپلز پارٹی جیسی بدعنوان سیاسی جماعت کس منہ سے وفاق میں ردو بدل پر اعتراض کر رہی ہے، خصوصی بیان

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) وزیر بلدیات سندھ کا وفاقی کابینہ میں ردو بدل کے حوالے سے بیان بدنیتی پر مبنی ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت درست طریقے سے چلائے اور عوام کو سہولیات مہیا کی جائیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔ وفاقی کابینہ میں ردو بدل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا آئینی و قانونی اختیار ہے۔ ہمیں اس پر حیرت ہے کہ پیپلز پارٹی جیسی بدعنوان سیاسی جماعت کس منہ سے وفاق میں ردو بدل پر اعتراض کر رہی ہے۔

سندھ حکومت میں اوپر سے لے کر نیچے تک بدعنوان اور کرپٹ عناصر موجود ہیں۔وفاقی مشیر وزارتِ بحری امور محمود مولوی نے یہ باتیں اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات سعید غنی صاحب سے صرف کراچی شہر میں پانی کا مسئلہ ہی حل نہیں ہو پا رہا۔

(جاری ہے)

ٹینکر مافیا ہے، غیر قانونی پانی کی لائنیں ہیں، پانی چوری کے مسائل ہیں۔ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت پانی کے سب سے بڑے بحران کا شکار ہے۔

یہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی صاحب کی نااہلی ہے کہ وہ صرف ایک مسئلہ حل نہیں کروا سکے۔ سندھ کے عوام تعلیم، صحت اور سیوریج کے نظام سمیت ہر طرح کے لاتعداد مسائل کا شکار ہیں۔ ایسے میں وزیر بلدیات سندھ کی وفاقی حکومت پر تنقید سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ کیا سعید غنی صاحب سندھ کے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے عاجز آچکے ہیں، پیپلز پارٹی عوام پر رحم کرے اور کچھ توجہ کام پر بھی دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات