چیف سیکرٹری پنجاب کاپاکستان سیٹیزن پورٹل کی شکایات کے ازالہ سے متعلق افسران کی ناقص کارکردگی کانوٹس

ڈی جی خان، گجرات اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا نے کے احکامات دو ڈپٹی کمشنرز ،31اسسٹنٹ کمشنرز کو شو کاز نوٹس ،3ڈپٹی کمشنرز، 20اسسٹنٹ کمشنرزکو وارننگ لیٹر جاری محکمہ بلدیات کے آٹھ چیف آفیسرز معطل ، محکمہ تعلیم کی22، محکمہ صحت کے 11افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس

ہفتہ 20 اپریل 2019 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی جانب سے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالہ سے متعلق ناقص کارکردگی کا نوٹس لینے کے بعد صوبائی محکموں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ایک اجلاس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالہ سے متعلق ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈی جی خان، گجرات اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا نے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ 31اسسٹنٹ کمشنرز کو شو کاز نوٹس اور 20 کو وارننگ لیٹر جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

تسلی بخش کارکردگی پر 71اسسٹنٹ کمشنرز کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا ہے۔ اسی طرح دو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس اور تین ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے۔

محکمہ بلدیات نے آٹھ چیف آفیسرز کو معطل جبکہ چھ کو شو کاز نوٹس اور 49کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے۔ محکمہ تعلیم نے 22جبکہ محکمہ صحت نے 11چیف ایگزیکٹو افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے پاکستان سیٹیزن پورٹل کی شکایات کے جلد ازالے سے متعلق بھی تمام افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں افسران کی کارکردگی کا با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :