درمائی بونیر میں ثقافتی میلہ ضلعی حکومت کا کارنامہ ضلعی حکومت،ضلع کونسل اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی قابل تحسین ہے،سردار حسین بابک

ہفتہ 20 اپریل 2019 23:00

ط*پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ درمائی بونیر میں ثقافتی میلہ ضلعی حکومت کا کارنامہ ہے،کامیاب ثقافتی میلے پر ضلعی حکومت،ضلع کونسل اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔بونیر درمائی ثقافتی میلے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ عوام کیلئے سیر و تفریح کے مواقع پیدا کرنا اور اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ علاقے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ایسی مثبت سرگرمیاں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں دہشتگردی کے واقعات اور دہشت زدہ علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول ختم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس کیلئے تعلیم ،کھیل کھود کے ساتھ ساتھ اپنے صوبے کے مختلف علاقوں کے ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنا ہماری زرخیز ذہنیت کی عکاسی کریگی جس کے ذریعے ہم اپنے خطے کو دہشتگردی کے عفریت سے بچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درمائی ثقافتی میلے میں بونیر کے ہزاروں لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پختون امن پسند اور ترقی پسند ہیں،حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پختون علاقوں میں پختونوں کی ترقی اور امن کیلئے ایسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بونیر قدرتی طور پر حسین اور دلکش علاقہ ہے اور بونیر کی خوبصورتی برقرار رکھنا اور بونیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سردار حسین بابک نے اس عہد کا اعادہ بھی کیا کہ مستقبل میں بھی وہ بونیر کی خوب صورتی،ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرتے رہینگے۔

متعلقہ عنوان :