حیات آباد وقعے میں زخمی ہونے والا ایک اور جوان شہید

لانس نائیک ظفر اقبال کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا، میت آبائی علاقے خوشاب روانہ،آئی ایس پی آر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 21 اپریل 2019 00:01

حیات آباد وقعے میں زخمی ہونے والا ایک اور جوان شہید
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل2019ء) حیات آباد واقعے میں زخمی ہونے والا ایک اورجوان ہسپتال میں شہید ہو گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک ظفر اقبال حیات آباد واقعے میں زخمی ہو گیا تھا اور ہفتے کے روز دم توڑ گیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی جس میں کورکمانڈر پشاور سمیت سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ شہید کی میت اس کے آبائی گاؤں خوشاب روانہ کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق شہید لانس نائیک ظفر حیات آباد آپریشن کے ہر اول دستے میں شامل تھا جو دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے دوران شدید زخمی ہو گیا تھا۔واضح رہے کہ حیات آباد آپریشن میں پولیس اہلکار اے ایس آئی قمر عالم بھی دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کے دوران شہید ہو گیا تھا جبکہ آرمی اہلکار کی شہادت کے بعد دہشت گردی کے واقعہ میں شہیدہونے والوں اہلکاروں کی تعداد 2ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے خفیہ آپریشن کے تحت پشاور کے علاقے حیات آباد کے ای سیکٹر فیز 7 میں واقع گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد 15 اپریل کو شام ساڑھے 7 پر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا. دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید اور ابتدائی طور پر ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا جبک مقابلہ 16 اپریل تک جاری رہی تھی. آپریشن میں پولیس ،فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور 102 بریگیڈ نے حصہ لیا تھا‘مزید برآں پولیس کے ایک وفد نے حیات آباد کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران صبر اور تعاون کرنے پر علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کیا تھا. کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے بذریعہ ای میل دعویٰ کیا تھا کہ ان کے 6 کارکن سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں ملوث تھے.