Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن کے مطابق لوگوں کا انتخاب کیا ہے، جو کارکردگی دکھائے گا وہی عہدے پر رہے گا،کوئی بھی شخص یا عہدہ عوامی مفاد سے بالاتر نہیں ہے

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 21 اپریل 2019 00:00

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن کے مطابق لوگوں کا انتخاب کیا ہے، جو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن کے مطابق لوگوں کا انتخاب کیا ہے، جو کارکردگی دکھائے گا وہی عہدے پر رہے گا،کوئی بھی شخص یا عہدہ عوامی مفاد سے بالاتر نہیں ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں اپنے کسی رشتہ دار کو شامل نہیں کیا بلکہ پروفیشنل لوگوں کا انتخاب کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے دوران پاکستان کے اندر بڑی بڑی وزارتوں پر رشتہ داروں، سمدھیوں، بھائیوں اور کاروباری پارٹنرز کے علاوہ کسی کو نہیں دیکھا گیا جس کی وجہ سے بدقسمتی سے بنیادی مسائل سے درست انداز سے نمٹا نہیں گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں پیشہ ور اور تجربہ کار لوگوں کو آگے لایا جا رہا ہے تاکہ ملکی ترقی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے ملکی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں وزراء کے محکموں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل کیا ہے، اسد عمر پارٹی کو اس مقام تک لانے میں ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ رہے، ملکی مفاد کی خاطر وزیراعظم نے ان کا محکمہ بھی تبدیل کر دیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کوئی بھی اقدام اٹھانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے کسی قسم کے سیاسی سمجھوتے کے بغیر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے براہ راست مثبت اقدامات اٹھائے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کو سمجھنے کی ضرورت ہے جس کے مطابق ہر شخص کو کارکردگی دکھانی ہے اور جو کارکردگی دکھائے گا وہی عہدے پر رہے گا کیونکہ کوئی بھی شخص یا عہدہ عوامی مفاد سے بالاتر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ دونوں حکومتوں کے دوران قومی مفادات پر سمجھوتے کیے گئے لیکن وزیراعظم عمران خان نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا لیکن موجودہ حکومت نے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور اس سلسلے میں اہم اور ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات