پاکستان سے رہائی پانے والا بھارتی پائلٹ دوبارہ سری نگر ایئربیس پر تعینات

پاکستان سے شکست کھانے والے پائلٹ کو انڈین ایئرفورس فوج کے تیسرے بڑے اعزاز ویر چکرا کے لیے نامزد کرے گی

اتوار 21 اپریل 2019 14:10

پاکستان سے رہائی پانے والا بھارتی پائلٹ دوبارہ سری نگر ایئربیس پر تعینات
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) پاکستان سے رہائی پانے والے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمن کو انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے دوبارہ سری نگر میں قائم فرنٹ لائن ایئربیس پر تعینات کردیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی نندن کو سری نگر لے جایا جاچکا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ پاکستانی پائلٹ کے ہاتھوں شکست کھانے والے بھارتی پائلٹ کو آئی اے ایف فوج کے تیسرے بڑے اعزاز ویر چکرا کے لیے نامزد کرے گی۔خیال رہے کہ رواں برس 27 فروری کو فضائی لڑائی کے دوران پاکستانی طیاروں نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے طیارے کو مار گرایا تھا لیکن طیارہ زمین سے ٹکرانے سے قبل انہوں نے خود کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا جس کے بعد پاکستان سیکیورٹی فورسز نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جنہیں واہگہ پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کے سری نگر سے مغربی سرحد کی کسی دوسری ایئربیس منتقلی کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا تاہم یہ حکم نامہ معمول کی کارروائی ہے۔خیال رہے کہ واہگہ کے ذریعے بھارت پہنچنے کے بعد ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمن کو بھارتی سیکیورٹی ایجنسیاں اپنے ساتھ لے گئیں تھیں جنہوں نے پائلٹ کو 2 ہفتوں تک اپنی نگرانی میں رکھا۔

بعدازاں ابھی نندن 4 ہفتوں کے لیے چھٹیوں پر چلے گئے تھے، تاہم واپسی پر ان کی تعیناتی کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔ادھر بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک میڈیکل بورڈ ابھی نندن کا معائنہ کرے گا جس کے بعد ان کے طیارہ اڑانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، جیسا کہ پائلٹ کی خواہش ہے۔