Live Updates

وزیر اعظم پاکستان کرکٹ میں ایک رول ماڈل ہیں ، محمد حفیظ

اتوار 21 اپریل 2019 16:40

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کرکٹ میں ایک رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لئے جو ٹپس دی ہیں وہ قابل قدر ہیں ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا ٹیم کے لئے سادہ سا پیغام تھا کہ میچز بغیر ڈر کے، اور جیت کے لئے کھیلیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات بالکل صحیح ہے کہ جب کھلاڑی کے دل میں شکست کا خوف ہوتا ہے تو اس کی کارکردگی اچھی نہیں ہوتی۔پاکستان ٹیم وزیر اعظم کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے ہار کے خوف کو ذہن سے نکال کر جیت کے لئے کھیلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کے کیئرئر کا آخری ورلڈ کپ نہیں ہے لیکن وہ اس ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس دے کر جیت میں اہم کردار اداکریں گے ۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ جن کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی ٹیم میں فٹنس سے مشرط کرکے شامل کیا گیا ہے ، کا کہنا ہے کہ وہ انگوٹھے کی انجری کی وجہ سے 9ہفتے تک کرکٹ سے دور رہے ہیںتاہم وہ اب مکمل صحت مند ہیں اور آئندہ ایک ہفتے میں وہ ہر قسم کے میچ میں اپنی پوری پرفارمنس دینے کے قابل ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔

محمد حفیظ نے کہاکہ وہ عرصے سے بطور اوپنر کھیل رہے تھے اور بطور اوپنر کھیلنا ہی پسند ہے لیکن مینیجمنٹ کی پلاننگ کے مطابق میں نچلے نمبر پر بیٹنگ کررہا ہوں اور مجھے جس نمبر پر بھی بیٹنگ کے لئے بھیجا جائے گا میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی اسپنر شاداب خان کا ٹیم سے ڈراپ ہونا ایک جھٹکا ہے پوری قومی کو دعا کرنی چاہئے کہ شاداب خان صحت مند ہوں اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں ۔

تاہم اگر وہ ٹیم کا حصہ نہیں بنتے تو بھی ان کی جگہ آنے والا کھلاڑی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کے اس بیان پر کہ پاک بھارت میچ پاک بھارت جنگ کی طرح ہوگا پر تبصرہ کرے ہوئے کہاکہ میں اس بیان پر کوئی جوابی بیان دینے کی بجائے صرف ہنس سکتا ہوں ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاک بھارت میچ اہم ہوتا ہے او ر پوری دنیا کے شائقین کرکٹ اسے دیکھنا پسند کرتے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ تماشائیوں کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے اور وہ اس سے محظوظ ہوسکیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات