وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے

وزیراعظم کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا،عمران خان دورہ ایران میں ایرانی صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق معاہدے کیے جائیں گے

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار اپریل 18:40

وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم آج ایران کے شہر مشہد پہنچے جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا،عمران خان دورہ ایران میں ایرانی صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق معاہدے کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پر آج اتوارکو مشہد پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ مختصرقیام کے بعد تہران روانہ ہوں گے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کو اس دورے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ایران کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ شہید ہاشمی نژاد ائیرپورٹ پر صوبہ خراسان رضاوی کے گورنر علی رضا رازم حسینی نے وزیراعظم کااستقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے گورنر سے گفتگو بھی کی۔ ایران میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود اورمشہد میں پاکستانی قونصل خانہ کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرانسانی حقوق ڈاکٹرشیریں مزاری، میری ٹائم افیئرز کے وزیرسید علی حیدرزیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید زولفقار عباس بخاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفراللہ مرزا اورپٹرولیم کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان دورہ ایران کے بعد چین کا دورہ کریں گے۔ چینی قیادت نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دے رکھی ہے۔ دورہ چین میں دوطرفہ تعلقات اور سی پیک منصوبوں سے متعلق مزید معاہدے کیے جائیں گے۔