Live Updates

ماضی کے حکمرانوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کوخوش کرنے کیلئے عارضی بنیادوں پر اقدامات کئے،جام کمال خان

اصل حکمران وہ ہوتے ہیں جو نظام کی بہتری کے لئے کام کرتے ہوئے آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

اتوار 21 اپریل 2019 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کوخوش کرنے کے لئے عارضی بنیادوں پر اقدامات کئے، اصل حکمران وہ ہوتے ہیں جو نظام کی بہتری کے لئے کام کرتے ہوئے آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں۔ عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے ہمیں ملک اور صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کا موقع دیا ہے جس سے ہم بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کوئٹہ، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں اپارٹمنٹس اور مکانات کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔

گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وفاقی وصوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، قومی وصوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرز، چیف سیکریٹری بلوچستان، وفاقی وصوبائی محکموں کے سیکریٹری، سیاسی وقبائلی عمائدین اور طلباء کی بہت بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی، وزیراعلیٰ کی درخواست پر دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے شہداء کے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ماضی میں جوبھی خامیاں رہیں ہم بھی اس کا حصہ رہے ہیں تاہم اب نظام کی بہتری کے لئے ہماری کوششیں اور اقدامات سب کے سامنے ہیں، ہم نے مالی وانتظامی معاملات اور ملکی وقار کو بہتر بنانا اور تعلیم کو مضبوط کرنا ہے جس کے لئے نئی نسل کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں خدا پر مکمل بھروسہ ہے، بے شک ہمیں بہت سی مشکلات کے سامنا ہے جو اس وجہ سے ہیں کہ گذشتہ چالیس سال میں نظام کی بہتری کی جانب توجہ نہیں دی گئی، نظام کی بہتری کے لئے ہماری محنت ضرور کامیاب ہوگی، ہم کمزور نہیں او ر ہماری نیت صاف ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت کے پاس روزگارنہیں اور نہ ہی وہ اس قابل ہیں کہ اپنی چھت بناسکیں، سرکاری ملازمین بھی اپنا گھر بنانے کی سکت نہیںرکھتے، ایسے تمام لوگوں کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ایک انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا جس سے نہ صرف لوگوں کو اپنی ذاتی رہائش ملے گی بلکہ ہاؤسنگ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی صنعتوں کے فروغ سے معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے میگا پروجیکٹ کا آغاز بلوچستان سے کیا جس کے تحت بلوچستان میں ایک لاکھ سے زائد کم لاگت کے مکانات تعمیر ہوں گے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ، کینسر ہسپتال، کارڈک سینٹر، بلوچستان کی ترقی کی جانب وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کا بہت واضح پیغام ہے، کارڈک سینٹر اور کینسر ہسپتال میں پاک فوج بھی ہمارے ساتھ شریک ہے، انہوں نے کہا کہ بیوٹمز میں زیر تعلیم طلباء ہمارا مستقبل ہیں، جنہیں صرف بیانات کے ذریعہ الجھایا نہیں جاسکتا، ہماری نوجوان نسل معلومات رکھتی ہے اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اور وہ نظام کی بہتری کے لئے ہمارے اقدامات کو دیکھ رہی ہے، ملک اور صوبے کے مفاد میں اقدامات کا طلباء خیرمقدم کریںگے، انہوں نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اس جانب قدم بڑھائیں جو ملک، صوبے اور ان کے اپنے مستقبل کے لئے بہتر ہو، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس تقریب کے بیوٹمز میں انعقاد کی ہماری تجویز قبول کی، کیونکہ اگر یہ تقریب گورنر ہاؤس یا وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ہوتی تو عام لوگوں اور طلباء کا وہاں داخلہ مشکل ہوتا، تقریب کے یہاں انعقاد سے وزیراعظم اور ہمیں اپنے مستقبل کے معماروںسے براہ راست مخاطب ہونے کا موقع ملا ہے، اس موقع پر تقریب میں موجود طلباء اور طالبات کی جانب سے وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ کے خطاب کو بھرپور پذیرائی ملی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات