سید صمصام علی بخاری کی سری لنکا میں بم دھماکوں کی شدید مذمت

دنیا بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف فیصلہ کن تحریک چلانے کی فوری ضرورت ہے،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت

اتوار 21 اپریل 2019 23:50

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے سری لنکاکے دارالحکومت کولمبو اور دیگر شہر وں میں ہونے والے بم دھماکوں میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مذہبی اور فرقہ وارانہ اختلافات کی بنیاد پر لوگوں کی جان لینا انسانیت کے خلاف بھیانک جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کی ہمدردیاں سری لنکا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔مذہبی، لسانی یا کسی بھی قسم کی انتہاپسندی ہر حال میں قابل مذمت اور آج کی دنیا میں اس کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعہ کی جس طرح دنیا بھر میں مذمت کی گئی اور انتہا پسندی سے نفرت کا اظہار کیا گیا وہ امن دشمنوں کیلئے پوری دنیا کا ایک واضح پیغام تھا مگر سری لنکا میں گزشتہ روز کے واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندانہ رویوں کے خلاف ایک فیصلہ کن تحریک چلانے کی فوری ضرورت ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ قتل و غارت گری اور بے گناہ انسانی خون بہانے والوں کی ہر حرکت کی بھرپور مزاحمت اور مذمت کرنی چاہیے۔