شن جو کوٹائیگر۔ 45 سالوں سے ٹائیگرماسک پہننے والا جاپانی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 21 اپریل 2019 23:52

شن جو کوٹائیگر۔ 45 سالوں سے ٹائیگرماسک پہننے والا جاپانی

69سالہ یوشیرو ہیراڈا تعلق ٹوکیو ، جاپان سے ہے۔ وہ 24 سال کے تھے کہ انہوں نے چہرےپر ٹائیگر کا ماسک پہننے  کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد وہ شن جو کو ٹائیگر(Shinjuku Tiger) بن گئے۔آج وہ جاپان بھر میں اسی وجہ سے کافی مقبول ہیں۔
یوشیرو  کا تعلق جاپان کے  ناگانو پریفیکچر سے ہے۔ وہ ڈائیٹو بنکا یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے 1967 میں ٹوکیو آئے۔ انہوں نے سکول کی پڑھائی کےد وران ہی اخبار بیچنا شروع کر دیا تھا۔

بتدریج انہوں نے یونیورسٹی چھوڑ کر صرف اپنے کام پر دھیان دینے کا فیصلہ کیا۔ انہیں اب یہ بھی یاد نہیں کہ اُن کے پڑھائی چھوڑنے کی وجہ کیا تھی۔
1972 میں وہ  شن جوکو میں  کابوکیچو کے تہوار میں شرکت کے لیے گئے۔ یہاں انہوں نے  ایک دوکان پر پلاسٹک کے ٹائیگر کے ماسک دیکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک ماسک چہرے پر لگایا تو اسے  لگائے رکھنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اس دوکان سے 30 ماسک خریدےتھے۔ آج کئی دہائیوں کے بعد بھی انہوں نے یہ ٹائیگر ماسک لگانا نہیں چھوڑا۔ وہ اپنے کام اور فارغ اوقات میں بھی ٹائیگر ماسک کو نہیں اتارتے لیکن جب ضروری ہو جائے تو اسے اتا ر دیتے ہیں۔
وہ اپنے ماسک پہننے کی وجہ کے متعلق  کبھی بتاتے کہ ایسا اپنی جبلت کی وجہ سے کرتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں کہ ایسا لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے لیے کرتے ہیں۔

ماسک کے علاوہ وہ رنگ برنگی وگ بھی پہنتے ہیں اور اپنے ساتھ 10 کلوگرام تک کے کھلونے بھی رکھتے ہیں۔
یوشیرو کے پاس اب بھی 1972 میں خریدے گئے 30 میں سے 10 ماسک بچے ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ 10 ماسک اُن کی پوری زندگی کے لیے کافی ہیں۔ ٹوکیو کے مقامی فنکار بھی اُن کے دوست ہیں اور اُن پر دستاویزی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔