اقتصادی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے سماجی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ڈاکٹر منظور احمد

پیر 22 اپریل 2019 10:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) اقتصادی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے سماجی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بہتر مقام حاصل کرنے کیلئے انسانی و سائل کا شعبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔ بہترین تعلیم یافتہ ، ہنر مند اور صحت مند افرادی قوت کے بغیر ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھنا نا ممکن ہے ۔

عالمی تجارتی ادارے (ڈبلیو ٹی او) میں پاکستان کے سابق سفیر ڈاکٹر منظور احمد نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے شماجی شعبہ کے بجٹ میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔ سال 2017ء کے دوران پاکستان میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے صرف 2.76 فیصد فنڈز تعلیم کیلئے مختص کئے گئے تھے جبکہ اس دوران ملائیشیاء میں یہ شرح 4.78 فیصد تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم و تربیت اور صحت کے بغیر افرادی قوت کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ۔

اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ سماجی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے شعبہ کیلئے ترقیاتی اخراجات میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے عالمی مارکیٹ کا درجہ اختیار کر رہی ہے اور کوئی بھی ملک سماجی شعبہ کی ترقی کے بغیر بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر پوزیشن حاصل نہیں کرسکتا اس لئے ضروری ہے کہ حکومت صحت ، تعلیم و تربیت اور سماجی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جا سکے۔