لبنان میں اونروا کے سکولوں پر فلسطینی پرچم غائب

پیر 22 اپریل 2019 10:30

بیروت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے نشاندہی کی ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں اقوام متحدہ کی قائم کردہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونروا کے سکولوں پرفلسطینی پرچم غائب ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والے ادارے اتھارٹی 302 برائے دفاع حقوق پناہ گزین کے ڈائریکٹر جنرل علی ہویدی نے کہاکہ ایسے لگ رہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی ذمہ دار اونروا ایجنسی اپنے زیرانتظام سکولوں میں فلسطینی پرچم کشائی پر پابندی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

علی ہویدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں لکھا کہ میں نے لبنان اونروا کے متعدد سکولوں کادورہ کیا مگر مجھے کسی جگہ کسی سکول، گرائونڈ،کمرہ جماعت یاگیلری میںکوئی فلسطینی پرچم دکھائی نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اونروا کے سکولوں میں فلسطینی پناہ گزین بچوںکو فلسطین کا قومی ترانہ گانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی طرف سے کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا تا ہم بعض حلقوں کاخیال ہے کہ اونروا فلسطینی پناہ گزینوں کے سکولوں میں تبدیلیاں لانا چاہتی ہے،اس میں نصاب میں تبدیلی کی خبریں بھی شامل ہیں