Live Updates

بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو بدمعاشوں سے نمٹنے کے لیے وزیر داخلہ بنایا گیا ہے

معروف صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے وزیر داخلہ سے متعلق اہم انکشافات کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 11:04

بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو بدمعاشوں سے نمٹنے کے لیے وزیر داخلہ بنایا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو میں کافی عرصہ سے جانتا ہوں۔ وہ پاکستان تحریک انصاف میں نو وارد نہیں ہیں، یعنی وہ نئے نئے پاکستان تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے ، انہیں اس جماعت میں کافی عرصہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے پہلے بھی ایک انتخاب میں حصہ لیا تھا لیکن وہ ہار گئے تھے۔ پھر اب عام انتخابات 2018ء میں وہ الیکشن جیت کر قومی اسمبلی کے رکن بن گئے ہیں۔ حامد میر نے بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ سے متعلق ایک قومی اخبار میں شائع خبر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گفتگو ایسے ہرگز نہیں ہوئی جیسے رپورٹ کی گئی ہے۔ یہ گفتگو ایک اسکول کے افتتاح کے دوران ہوئی تھی اور کچھ لوگوں نے غیر رسمی طور پر اُن سے گفتگو کی تھی۔

(جاری ہے)

اگر وہ میڈیا سے یا میڈیا کے کسی نمائندے سے رسمی طور پر بات کریں گے تو آپ دیکھیں گے کہ وہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خاصا محتاط رہتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب وہ صرف ایم این اے تھے تب بھی میڈیا سے محتاط طریقے سے گفتگو کرتے تھے۔ یہ بات سچ ہے کہ جب بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ڈی جی آئی بی تھے تو بے نظیر بھٹو نے ان کے بارے میں کچھ الزامات لگائے تھے لیکن اس کے بعد اعجاز شاہ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو کچھ پیغامات بھیجے اور کہا کہ کیا آپ بھول گئے ہیں کہ جب میں انسداد منشیات میں تھا تو مجھ پر دباؤ ڈالا گیا تھا کہ میں آصف علی زرداری کے خلاف منشیات کا ایک مقدمہ بناؤں لیکن میں نے نہیں بنایا تھا اور ان کی یہ بات مان لی گئی۔

اس وقت پاکستان میں پرویز مشرف جیسا طاقتور انسان کوئی نہیں ہے، وہ اس وقت ملک کے صدر اور آرمی چیف تھے ، وزیراعلٰی بھی ان کا اپنا تھا لہٰذا اس وقت بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ ڈی جی آئی بی تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو خوش فہمی ہے کہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ اپوزیشن پر ڈنڈا لے کر چڑھ دوڑیں گے تو وہ اس کی غلط فہمی ہے۔ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو پہلے سے وزیر داخلہ بنایا جانا تھا ، اُن کو نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے طور پر تعینات کرنے کی بھی بات ہوئی تھی۔ صرف انتظار ہو رہا تھا کہ عمران خان کب کسی جواز پر وزارت داخلہ چھوڑیں گے اور یہ وزارت بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو دی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات