سری لنکا، دہشتگردحملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 290 ہو گئی

پیر 22 اپریل 2019 11:05

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) سری لنکا میں دہشتگردحملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 290 ہو گئی، پولیس نے 24مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سری لنکا میں اتوار کو مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 290 تک پہنچ گئی ہے جبکہ قریباً 500 افراد زخمی ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق ان حملوں کے بعد اب تک 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے لیکن سری لنکن حکومت نے تاحال ان حملوں کے لیے کسی گروپ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے اور نہ ہی کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ان دھماکوں کے بعد ملک بھر میں جو کرفیو نافذ کیا گیا تھا اسے پیر کی صبح 6 بجے ختم کر دیا گیا ہے۔اتوار کی صبح ہونے والے ان دھماکوں میں کولمبو سمیت تین شہروں میں تین ہوٹلوں اور تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاک شدگان میں مقامی باشندوں کے علاوہ غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

2009 میں سری لنکا میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد ملک میں دہشت گردی کی یہ سب سے بڑی اور مہلک کارروائی ہے۔سری لنکا کے وزیرِاعظم رانیل وکرماسنگھے نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کے ذمہ دار اداروں کو ممکنہ حملوں کے بارے میں ’اطلاع‘ تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اس امر کی تحقیقات ہونی چاہییں کہ ممکنہ حملوں کے بارے میں انٹیلی جنس رپورٹس پر کیوں کارروائی نہیں کی گئی۔