Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما اپنوں کو وزارتیں دلوانے کے لیے سرگرم

وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخواہ کابینہ میں توسیع کا اختیار وزیراعلیٰ کو دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 11:20

پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما اپنوں کو وزارتیں دلوانے کے لیے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ ترین رہنما خیبرپختونخواہ میں اپنے رشتہ داروں کو وزارتیں دلوانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ کی کابینہ کو مکمل کرنے کا منصوبہ ملتوی کر دیا ہے۔ صوبائی کابینہ میں توسیع قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے بعد ہی کی جائے گی۔

جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ رہنما اور اثرو رسوخ رکھنے والے افراد اپنے رشتہ داروں کو وزارتیں دلوانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض کارکنان اور رہنما بھی اہم عہدوں کے لیے کافی سرگرم ہیں۔ تاہم وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع سے متعلق تمام تر اختیارات وزیراعلی خیبرپختونخواہ محمود خان کو دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کی تھی جس کے بعد اب پنجاب کابینہ کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخواہ کابینہ میں بھی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ گذشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی اس کی تصدیق کردی تھی۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے اور تمام وزرا کی کارکردگی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت صرف 29 ارب روپے ہے، چیلنج کرتا ہوں کوئی ایک پائی کی کرپشن ثابت کردے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے سے پشاور مزید خوبصورت ہو گیا ، چند روز میں شہر یورپ کے کسی شہر کا منظر پیش کرے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں عالمی معیار کے شاپنگ سینٹرز بھی تعمیر کیے جارہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات