ابو ظہبی: گزشتہ سال منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں

درجنوں کارروائیوں کے نتیجے میں20 کروڑ درہم سے زائد کی ایک ہزار کلو گرام منشیات پکڑی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اپریل 2019 11:33

ابو ظہبی: گزشتہ سال منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں ..
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) ابو ظہبی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سال 2018ء کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار کلو گرام سے زائد منشیات پکڑی گئی جس کی کُل مالیت 20 کروڑ درہم سے زائد بنتی ہے۔ یہ منشیات اسمگلروں اور منشیات فروشوں کے قبضے سے برآمد کی گئی۔ ابو ظہبی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل مکتوم علی الشریفی نے بتایا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی ٹیموں نے ریاست کے ہر علاقے میں آپریشن کیے۔

ایسا ہی ایک آپریشن گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں کیا گیا جس کے نتیجے میں 17 کلو گرام سے زائد منشیات پکڑی گئی۔ جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران پانچ پاکستانیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ لوگ امارات میں کم سن افراد کو نشہ کی فروخت کے مرتکب پائے گئے۔

(جاری ہے)

ہمارے انسدادِ منشیات ڈیپارٹمنٹ کے افسران ابو ظہبی کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے دِن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔

منشیات اسمگلنگ کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ پولیس کو اس سلسلے میں دیگر کئی سیکیورٹی اداروں کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے۔ پولیس کی جانب سے عوام میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے، جسے 'My Life is Priceless' (میری زندگی انمول ہے) کا عنوان دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے والدین کو خاص طور پر تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نظر رکھیں کہ کہیں کوئی اُنہیں منشیات کے استعمال کی جانب تو نہیں راغب کر رہا۔ الشریفی نے مزید بتایا کہ 2018ء کے دوران ریاست میں جرائم کی شرح میں ماضی کے مقابلے میں3.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ جبکہ باؤنس اور جعلی چیکوں کے حوالے سے کیسز میں بھی 14.9 فیصد کی کمی آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :