اصغرحان کیس :سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی رپورٹ مسترد کردی

چار ہفتے میں نئی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت‘ایف نے دوبارہ کیس بند کرنے کی درخواست کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 اپریل 2019 12:16

اصغرحان کیس :سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی رپورٹ مسترد کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 اپریل۔2019ء) سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں وزارت دفاع کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے چار ہفتے میں نئی رپورٹ طلب کرلی ہے .جسٹس عظمت سعید نے کہا ایک فریق رقم لینے سے انکار کر رہا ہے تو کیا کیس ختم کر دیں؟ ایف آئی اے نے پھر اصغرخان عملدرآمد کیس بندکرنے کی استدعا کی تھی. تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعیدکی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے اصغرخان کیس کی سماعت کی، وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ایک بار پھر اصغرخان کیس بندکرنے کی استدعاکردی.

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں موقف اختیارکیا ہے کہ ناکافی ثبوت کی بنیادپرکیس کسی بھی عدالت میں کیسے چلایاجائے؟ بے نامی بینک اکاﺅنٹس کی تحقیقات اوراہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے. ایف آئی اے نے کہا کہ کیس آگے بڑھانے اور مزید ٹرائل کے لیے خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے، مناسب ثبوت نہ ملنے کے باعث کیس کسی بھی عدالت میں چلانا ممکن نہیں.

اصغر خان عملدرآمد کیس میں وزارت دفاع نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروائی ، رپورٹ میں کہا گیا وزارت دفاع کی جانب سے کورٹ آف انکوائری بنائی گئی ، انکوائری نے 6 گواہوں کا بیان ریکارڈ کیے ، مزید گواہوں کو تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے‘رپورٹ کے مطابق کورٹ آف انکوائری نے تما م شواہد کا جائزہ لیا ، معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں.

سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں وزارت دفاع کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے چارہفتے میں نئی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا، جسٹس عظمت سعید نے کہا چاہیں تورپورٹ سربمہرلفافے میں جمع کرادیں. جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا ایک فریق رقم لینے سے انکار کررہا ہے تو کیا کیس ختم کردیں، جوبیان حلفی جمع کرائے گئے ہیں کیا وہ جھوٹے ہیں، بیان حلفی جھوٹے ہیں یاسچے ان کا تجزیہ کیا جائےگا. جسٹس عظمت نے ریمارکس دیئے کہ انکوائری میں کیایہ سوال کیاگیارقم کس کے ذریعے دی گئی، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا یہ سوال نہیں ہوا، عدالت نے حکم دیا کہ رپورٹ مکمل اور دوبارہ جمع کرائی جائے، ہماری عدالت کافیصلہ ہے جس پرعملدرآمد ضرور کرائیں گے.