انڈر19کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

کھلاڑیوں کی حفاظت کوترجیح دیں گے ، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں:پی سی بی حکام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 اپریل 2019 12:33

انڈر19کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط
الاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22اپریل2019ء) کولمبو میں ہونیوالے بم دھماکوں کے بعد پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا مشکلات کا شکار ہو گیا۔ ترجمان پی سی بی نے سری لنکا میں ہونیوالے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔انہوں نے قومی انڈر19 ٹیم کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے کہا کہ یہ دورہ میزبان کرکٹ بورڈ اور حکومت کی جانب سے دی جانیوالی سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور دھماکوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد ہی قومی انڈر 19 ٹیم کو سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق دورہ سری لنکا سے متعلق جونیئر ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کو 30 اپریل کو سری لنکا روانہ ہونا ہے جہاں وہ دو چار روزہ جبکہ تین ایک روزہ میچز کھیلے گی۔

یاد رہے کہ اتوار21 اپریل کی صبح کولمبو میں یکے بعد دیگرے 8 بم دھماکوں کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں افراد ہلاک جبکہ اس سے بھی بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے تھے، پاکستان سمیت عالمی دنیا نے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مرنے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔