Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے سی پیک منصوبہ کو مزید تقویت ملے گی،

چین کی 90 فیصد مارکیٹس پاکستان کیلئے کھولی جائیں گی ،چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ژائو جنگ

پیر 22 اپریل 2019 14:11

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے سی پیک منصوبہ کو مزید تقویت ملے گی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان میں چین کے سفیر ژائو جنگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے سی پیک منصوبہ کو مزید تقویت ملے گی، چین میں 25 سے 27 اپریل کو ہونے والے دوسری بیلٹ اینڈ روڈ بین الاقوامی فورم سے وزیراعظم خصوصی خطاب کریں گے، فورم میں 37 ممالک کے رہنماء شرکت کریں گے، 90 فیصد مارکیٹس پاکستان کیلئے کھولی جائیں گی جس سے زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات چینی مارکیٹ تک پہنچ سکیں گی۔

چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے دورہ چین اور دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ فورم کے بعد وزیراعظم عمران خان چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ ملاقاتوں کے دوران علاقائی صورتحال پر گفتگو کے علاوہ سی پیک کے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران آزادانہ تجارتی معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے لئے 90 فیصد چینی مارکیٹس کھولی جائیں گی جس کے باعث زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات چینی مارکیٹ تک پہنچ سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی خسارہ ہے۔ دوسرے آزادانہ تجارتی معاہدے پر آٹھ سال تک مذاکرات کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور نجی شعبہ کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا اعلان کیا جائے گا۔ ایم ایل ون ریلوے منصوبے کے ٹیکنیکل پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کراچی میں دھابیجی کے مقام پر دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد صنعتی زون میں چین پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ فیکٹریز قائم کر رہے ہے۔ اس کے علاوہ غربت کے خاتمے کے لئے تین ماڈل ویلیج قائم کئے جا رہے ہیں جن پر 10 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورہ چین کے دوران سوشل سیکٹر منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا اور سوشل سیکٹر کے 27 منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے چین مطمئن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کو وزیراعظم عمران خان سے بہت توقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ممالک کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ ایک معاشی منصوبہ ہے، یہ بات بھارت کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر سی پیک کے خلاف کام کر رہے ہیں، ان کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سکلر ریلوے منصوبے ایجنڈے میں شامل ہے۔

چینی کمپنیاں اس کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک چین نے سی پیک کے تحت 22 منصوبے مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین سے 19 ارب ڈالر کا قرض حاصل کیا جس میں 13 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ ہے جبکہ چین نے پاکستان کو 6 ارب ڈالر کا رعایتی قرضہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قرض 20 سالوں میں واپس کرنا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں چین کے بہترین انجینئرز اور افرادی قوت اپنی خدمات سرانجام دینے پر ایوارڈز بھی دیئے گئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات