سی پیک پاکستان کا مستقبل اورخطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے ایران اور افغانستان بھی شامل ہو سکتے ہیں‘مشاہد حسین سید

سی پیک کے تحت ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کے مواقع ملیں گے،اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کوبھرپور کردار ادا کرناہو گا‘صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 14:41

سی پیک پاکستان کا مستقبل اورخطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے ایران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی،اب قومی سلامتی سے اقتصادی سلامتی کی طرف بڑھنا چاہیے،سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے اور خطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے جس میں ایران اور افغانستان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوںنے پیاف صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ سی پیک کے تحت ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کے مواقع ملیں گے،اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کوبھرپور کردار ادا کرناہو گااور اس سلسلے میں ہوم ورک کر کے حکومت کو قابل عمل تجویز دینا ہوں گی تاکہ لوکل انڈسٹریز کا ستحصال نہ ہو سکے، چین کے ساتھ متواتر فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے لئے پر امید ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کاروباری طبقہ کو سی پیک کی اہمیت اور موجودہ معاشی رحجانات اور چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین تیزی سے اقتصادی قوت سے نمبر 1عالمی طاقت میں تبدیل ہو رہا ہے اور عالمی طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی جانب بدل رہا ہے۔

اور پاکستان کی سی پیک کی وجہ سے مشرقی خطے میں اہمیت بڑھ چکی ہے اوربزنس کمیونٹی کواسے اپنے مفاد میں استعمال کرنا ہو گا۔اس موقع پر چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر اورپیاف سے وابستہ کاروباری طبقہ نے مشاہد حسین سید کو انڈسٹری اور ٹریڈ کے مسائل سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ سینیٹ کی متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹیز کے ذریعے مسائل کو حل کروایا جائے ۔اس موقع پرچیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر اور سابق چیئرمین سہیل لاشاری نے کہا تاجر و صنعتکار آپ سے ملنا چاہتے ہیں اور جلد ہی اپنے مسائل اور بجٹ تجاویز سے آپ کو اسلام آباد آکر آگاہ کریں گے۔