قومی ائیر لائن میں فلائٹ انسپکٹرزکی بھرتیوں کیلئے سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری اشتہار ہائیکورٹ میں چیلنج

پیر 22 اپریل 2019 14:41

قومی ائیر لائن میں فلائٹ انسپکٹرزکی بھرتیوں کیلئے سول ایوی ایشن کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) قومی ائیر لائن میں فلائٹ انسپکٹر زکی بھرتیوں کے لیے سول ایوی ایشن کا اشتہار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔درخواست گزار ظہور اکبر ملہی نے درخواست میں وفاقی حکومت اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فریق بنایا ہے۔درخواست میں فلائٹ انسپکٹرز کی بھرتیوں کے اشتہار میں قانونی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اشتہار میں فلائٹ انسپکٹر زکی بھرتیوں کے لیے گریجوایشن کی ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن کمرشل پائلٹس کو انٹرمیڈیٹ کی بنیاد پر لائسنس کا اجراء کیا جاتا ہے ۔گریجوایشن ڈگری کی شرط عائد کرنے سے 95 فیصد امیدوار نااہل ہوگئے ہیں ۔اشتہار میں بھرتی کے لیے کمرشل اور ملٹری ہوابازی کا تجربہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن قوانین کے مطابق سول فلائٹ آپریشن کے لیے ملٹری ہوابازی کا تجربہ رکھنا ضروری نہیں ۔ائیر بس اور بوئنگ 777 کے لیے تعلیم انٹرمیڈیٹ اور سول ہوابازی کا تجربہ ضروری ہے ۔استدعا ہے کہ عدالت اشتہار میں عائد غیر قانونی شرائط کالعدم قرار دے اورعدالت کے ختمی فیصلے تک گیارہ فلائٹ انسپکٹرز کی بھرتیاں روکنے کا حکم دے ۔