الیکشن کمیشن نے ’’ پوسٹ الیکشن ریویو رپورٹ‘‘ کا اجراء کردیا

انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے 47 سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوادی گئیں

پیر 22 اپریل 2019 16:36

الیکشن کمیشن نے ’’ پوسٹ الیکشن ریویو رپورٹ‘‘ کا اجراء کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) الیکشن کمیشن نے ’’ پوسٹ الیکشن ریویو رپورٹ‘‘کا اجراء کردیا ہے، انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کے لئے 47 سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوادی گئی ہیں، ان میں الیکشن شیڈول کی مدت 60 سے بڑھا کر 90 دن کرنے، حکومت کی مدت ختم ہونے سے ایک سال پہلے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

پیر کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے جائزہ رپورٹ کااجراء کیا۔ رپورٹ میں مستقبل میں انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئی47 سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ کاغذات نامزدگی فارم کو قانون کی بجائے رولز کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ آرٹی ایس سمیت نئی ٹیکنالوجیز فول پروف انتظامات ہونے تک استعمال نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ واٹر مارک کی بجائے دیگر سکیورٹی فیچرز والا بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے۔ حکومتی مدت ختم ہونے سے ایک سال پہلے تک انتخابی حلقہ بندیوں کا عمل لازمی طورپر مکمل کیا جائے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس موقع پر کہا کہ پولنگ سٹیشنزسے ایجنٹوں کو نکالے جانے کے بارے میں کوئی پٹیشن دائر نہیں ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے کالعدم جماعتوں سے تعلقات کا جائزہ لینا وزارت داخلہ کا کام ہے یہ کام الیکشن کمیشن کا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر مڈ ٹرم انتخابات کی نوبت آئی تو الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے تیار ہوگا۔