کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کا مظفرآباد میں دھرنا اور احتجاجی ریلی

پیر 22 اپریل 2019 16:59

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) اقوام متحدہ ہندوستان کی جیلوں میں قید جموں کشمیرکے قیدیوں کی رہائی کیلیئے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھائے، بھارت محمد یاسین ملک، شبیراحمد شاہ، آسیہ اندرابی،ایازاکبر اور مسرت عالم سمیت کشمیری قیدیوں پر جعلی مقدمات ختم کرکے فوری رہا کرے۔ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کا مظفرآباد میں دھرنا اور احتجاجی ریلی،تفصیلات کے مطابق آزادی پسند حریت راہنماء محمد یاسین ملک سمیت کشمیری قیدیوں پربھارتی جیلوں میں تشدد، ابتر ہورہی صورت حال کیخلاف سنٹرل پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا، شرکاء ریلی نے بینرز پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری قیدیوں کی رہائی اور اسیران کی تصاویر موجود تھیں احتجاجی مظاہرین نے بھارتی حکومت،قابض افواج،بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے کہا کے بھارتی حکومت این آئی اے کو کشمیری عوام کیخلاف بطور ہتھیار استعمال کرکے کشمیریوں کے انفرادی، اجتماعی حقوق کو بری طرح پامال کررہی ہے۔ غیرانسانی قوانین پوٹا، ٹاڈا اور آفسپا کے ہیبت ناک نتائج سہنے والے کشمیری عوام اب من حیث القوم بھارتی حکومت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہوچکے ہیں ان کا کہنا تھا کے آزادی پسند کشمیری قیادت اور کارکنان کی گرفتاریاں جیلوں میں ان پرتشدد نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے محمدیاسین ملک سمیت دیگر قیدیوں کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور ان کی جان کو لاحق شدیدخطرات سے پوری کشمیری قوم سخت اضطراب کا شکار ہوچکی غزالی نے اقوام متحدہ سے بھارتی جیلوں میں قید تمام بے گناہ کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلیئے جاندار کردار ادا کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کے دنیا کشمیریوں کی بے بسی اور بے کسی کا نظارہ ترک کرکے قضیہ جموں کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلیئے عملی اقدامات اٹھائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق السلام نے کہا کے کشمیرمیں بھارتی افواج کے ہاتھوں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیاں خطہ کے اندر بے چینی اور بد امنی کو ہوا دے رہی ہیں۔ محمد یاسیم ملک سمیت بھارت کی جیلوں میں قید کشمیرکے قیدی جن جن مشکلات اور ظلم کا شکار ہیں وہ انسانی حقوق کی عالمی انجمنوں کیلیئے لمحہ فکریہ ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مہاجرین کشمیر کے چیئرمین محمد یوسف بٹ نے کہا ہے کے بھارتی حکومت جیلوں میں قید کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے کے جموں کشمیر اب بھارت کا حصہ نہیں رہا ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری عوام کی بیباک جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں احتجاج سے مولانا عبدالعزیز علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے کشمیری عوام کی بے بسی اور مجبوری ہمارے کلیجے چھلنی کررہی ہے عالمی برادری کے جانبدارانہ رویے نے بھارتی حکومت کو نہتے کشمیریوں پر ظلم کی کھلی چھوٹ دے دی ہے انھوں نے حکومت پاکستان سے آپنی شہ رگ کو بچانے کیلیئے جرات مندانہ اقدام کرنے کی اپیل کی۔

بھارت مخالف احتجاج سے خطاب میں شوکت جاوید میر راہنما پیپلز پارٹی نے کہا کے کشمیر کے اندر نہتے عوام پر ظلم کی داستان بہت طویل ہوچکی ہے بھارت تمام عالمی قوانین کو پس پشت ڈال کر آزادی کی تحریک کو بزور طاقت کچل رہا ہے ان حالات میں عالمی برادری کی خاموشی خطہ کے اندر ایک بڑے المیئے کو جنم دے سکتی ہے، جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے راہنما خالدمحمود زیدی نے کہا کے کشمیر میں ہورہی بھارتی دہشتگردی اب ایک ناسور بن چکی ہے نہتے جوانوں، بچوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہوا چاہتا ہے انھوں نے حکومت پاکستان کو کشمیر کی آزادی کیلیئے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی اپیل کی ریلی سے پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، سیدحمزہ شاہین، سرانداز بٹ، مفتی عمران اور نصیرنے بھی خطاب کیااور عالمی اداروں سے کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلیئے کردار ادا کرنے کی اپیل دہرائی۔

بھارت مخلاف ریلی کے شرکاء نے پریس کلب سے برہان وانی شہید چوک تک مارچ بھی کیا۔