حفیظ شیخ کو پہلے دن سےہی آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل ہے

حفیظ شیخ پہلے مہینے سے خاموشی کے ساتھ وزیرخزانہ کی ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے، کیونکہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے دورہ امریکا میں آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ معاملات بگڑ گئے تھے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اپریل 2019 16:32

حفیظ شیخ کو پہلے دن سےہی آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو پہلے دن سے آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل تھا، حفیظ شیخ گزشتہ ایک ماہ سے خاموشی سے وزیرخزانہ کی ذمہ داری بھی سرانجام دے رہے تھے،سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے دورہ امریکا میں آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ معاملات بگڑ گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے بارے معلوم ہوا ہے کہ ان کوپہلے مہینے سے ہی آئی ایم ایف کا مکمل اعتماد حاصل رہا ہے۔

لیکن سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے جب امریکا کا دورہ کیا تو انہوں نے اپنی کچھ باتوں پر کنٹرول نہیں کیا، جس سے اسد عمر اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات خراب ہوگئے تھے۔ آئی ایم ایف نے اسد عمر سے ملنے سے انکار بھی کردیا تھا۔ اسد عمر اپنا دورہ مکمل کرکے وطن واپس آئے تو انہوں نے کوئی میڈیا بریفنگ بھی نہیں دی تھی۔

(جاری ہے)

ایک سینئر تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمرکو گھر بھیجے جانے میں سب سے بڑا کردار آئی ایم ایف کا ہے۔

اسد عمر کو آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل نہیں تھا۔ لیکن اس کے برعکس وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو پہلے دن سے آئی ایم ایف کا اعتماد حاصل تھا، حفیظ شیخ گزشتہ ایک ماہ سے خاموشی سے وزیرخزانہ کی ذمہ داری بھی سرانجام دے رہے تھے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے 26 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن حفیظ شیخ کوکم وقت میں بجٹ کی تیاری اورآئی ایم ایف سے معاہدے کا چیلنج درپیش ہے۔

نجی ٹی وی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حفیظ شیخ کو 5سالوں میں 37ارب ڈالر کا قرضہ اداکرنا ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال حفیظ شیخ کوساڑھے 9ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ ادا کرنا ہوگا۔اس کیلئے انتہائی کم وقت رہ گیا ہے۔اسی طرح اگلے سال 28ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ ادا کرنا پڑے گا۔2020-21ء میں ساڑھے 7ارب ڈالر اور 2021-22ء میں 6ارب ڈالر قرضہ ادا کرنا ہوگا۔دوسری جانب وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ نے مشیر خزانہ کا عہدہ چیلنج سمجھ کرقبول کیا ہے۔حفیظ شیخ کو پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کا پوری طرح ادراک ہے۔ مشیر خزانہ نے چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایک منٹ بھی ضائع کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔