پنجاب یونیورسٹی نے محمد ارشد علی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کر دی

پیر 22 اپریل 2019 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے پنجاب اسمبلی کے کلرک محمد ارشد علی ولد علی محمد کو پی ایچ ڈی کی ڈگری کا نوٹیفکیشن دیتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر محمد ارشد علی نے میٹرک پاس کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں بطور فراش(بی ایس۔1) سے اپنی ملازمت کا آغاز کیا اور دوران سروس ایف اے، بی اے، ایم اے، ایم فل(پولیٹیکل سائنس) اور اب پاکستان سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد ارشد علی پنجاب اسمبلی کے موجودہ سٹاف میں واحد کلرک ہیں جنہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کر لی جو پنجاب اسمبلی کے لئے ایک اعزاز ہے۔ ڈاکٹر محمد ارشد علی نے اپنا تحقیقی مقالہ'' صوبائی اسمبلی پنجاب (نان گریجوایٹ اور گریجوایٹ اسمبلیوں کا فروغ تعلیم سے متعلق قانون سازی کا تقابلی اور تنقیدی جائزہ(1985تا 2012)'' پروفیسر ڈاکٹر مسرت عابدسابق ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر پنجاب یونیورسٹی کے زیر نگرانی مکمل کیا۔ ڈاکٹر محمد ارشد علی کوپی ایچ ڈی کی ڈگری کا نوٹیفکیشن دینے کے حوالے سے وائس چانسلر آفس پنجاب یونیورسٹی میں ایک تقریب کابھی انعقاد کیا گیا۔