PK-350 کو پشاور میں لینڈنگ کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ اور سیکورٹی ایجنسیوں نے کلیئر کر دیا

پرواز کے پشاور کے باچا خان ائر پورٹ پر لینڈنگ سے چند منٹ قبل طیارے میں بم رکھے جانے کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی،ترجمان پی آئی اے

پیر 22 اپریل 2019 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) پی آئی اے کی کراچی سے پشاور کی پروازPK-350 کے طیارے کو پشاور میں لینڈنگ کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ اور سیکورٹی ایجنسیوں نے کلیئر کر دیا۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز کے پشاور کے باچا خان ائر پورٹ پر لینڈنگ سے چند منٹ قبل طیارے میں بم رکھے جانے کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔ پی آئی اے کے کراچی میں فلائٹ ڈسپیچ سینٹر میںاس وقت کال موصول ہوئی جب پروازPK-350 پیر کی صبح پشاور ائر پورٹ پر لینڈکرنے والی تھی ۔

طیارے کے کپتان نے حفاظتی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی اور طیارے کو باحفاظت لینڈ کرتے ہوئے ائر پورٹ بلڈنگ سے دور پارک کر دیا۔ترجمان نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد مسافر طیارے سے باحفاظت باہر آئے اور ان کا سامان ان کے حوالے کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی دوران بم ڈسپوزل سکواڈ اور متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوںنے طیارے کی تلاشی کا عمل شروع کر دیا اور تفصیلی چیکنگ کے بعد طیارے کو کلیئر کر دیا۔

تاہم چیکنگ کے دوران طیارے سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ائر بس A320 طیارے کی پروازPK350 کراچی سے صبح10.05 پر 150 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی اور 11.50 پر باحفاظت پشاور ائر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ بعدازاں متعلقہ ایجنسیوں سے کلیئرنس کے بعد مذکورہ طیارہ PK283 کے ذریعے پشاور سے دبئی کے لئے سہ پہر03.45 بجے روانہ ہوگیا۔