Live Updates

ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مشاورت جاری ہے اور اسے جلد کابینہ میں دوبارہ پیش کیا جائے گا‘ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 22 اپریل 2019 19:48

ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مشاورت جاری ہے اور اسے جلد کابینہ میں دوبارہ پیش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مشاورت جاری ہے اور اسے جلد کابینہ میں دوبارہ پیش کیا جائے گا‘ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے دس سالوں میں ملک کا قرضہ تین ہزار ارب تک پہنچا دیا‘ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان کے لئے اور عوام کے لئے بہت بہتر اور اچھا ہوگا‘ آٹھ ماہ میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا‘ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر مشاورت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے ملک کا ایک ہزار ارب کا قرضہ دس سالوں میں تین ہزار ارب تک پہنچا دیا۔

ہمیں جن حالات میں حکومت ملی‘ ادارے خسارے میں جارہے تھے اور ملکی معیشت تباہ تھی لیکن موجودہ حکومت کی محنت سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ساری پالیسی کا محور غریب لوگ ہیں‘ ان کی بہتری کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات