موجودہ حکومت کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے،

ماضی کی حکومتوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں کوئی کام نہیں کیا جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں،زرتاج گل

پیر 22 اپریل 2019 20:24

موجودہ حکومت کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں نمایاں پیشرفت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے‘ ماضی کی حکومتوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں کوئی کام نہیں کیا جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں عبدالقادر پٹیل کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ عبدالقادر پٹیل سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔

اگر یہ لوگ اپنے دور حکومت میں کام کرتے اور ماحولیاتی تبدیلی کی وزارت پر توجہ دیتے تو بہت بہتری ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں ہماری وزارت نے 15 پروٹوکول کئے ہیں۔ ان لوگوں نے اس اہم وزارت کو صرف بیرونی دوروں کے لئے استعمال کیا۔

(جاری ہے)

چار بار اس وزارت کا نام تبدیل کیا گیا۔ جب سے ہم نے اقتدار سنبھالا اس وزارت کے تحت فعال انداز میں اقدامات کئے گئے۔

بلین ٹری سونامی‘ کلین اینڈ گرین پاکستان سمیت کئی پروگرام شروع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس بات پر اب بھی قائم ہیں کہ بارشیں نیک حکمرانوں کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ ان لوگوں نے گزشتہ چالیس برسوں میں نہ تو کوئی بڑا ڈیم بنایا اور نہ ہی ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے کوئی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں اور گزشتہ چھ ماہ میں جو کام ہوئے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔