پی سی بی کے روٹین ٹیسٹ نے شاداب خان کو بڑے نقصان سے بچا لیا

ش*اس مرض کی بروقت تشخیص مریض کو طویل المدت پیچیدگیوں سے بچاتی ہی:طبی ماہرین

پیر 22 اپریل 2019 21:39

پی سی بی کے روٹین ٹیسٹ نے شاداب خان کو بڑے نقصان سے بچا لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کے روز جب یہ اعلان کیا کہ لیگ سپنر شاداب خان دورہ انگلینڈ کے باہر ہوگئے ہیں تو بہت سے کرکٹ حلقوں کو دھچکا پہنچا۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے خون کے نمونو ں میں وائرس کے آثار ملے ہیں جس کے بعد انہیں علاج اور مکمل صحت یابی کے لیے کم از کم4ہفتے درکار ہیں۔

یہ خبر کرکٹ کے حلقوں کے لیے دھچکے کا باعث بنی کیوںکہ شاداب خان بظاہر مکمل طور پر فٹ نظر آرہے تھے اور انہوں نے یویو ٹیسٹ میں بھی کسی تھکن کا مظاہرہ کیے بغیر اچھے نمبر حاصل کیے تھے۔انتہائی معتبر ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شاداب خان نے دیگر کرکٹرز کے ہمراہ15اپریل کو پی سی بی کے زیر اہتمام خون کے نمونے دیئے تھے،پاکستان کرکٹ بورڈ ہر دورے سے قبل کھلاڑیوں کا شوگر لیول اور دیگر معاملات پر نظر رکھنے کے لیے بلڈ ٹیسٹ لیتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شاداب خان کے خون کے نمونوں میں ایک خاص طرح کا وائرس پایا گیا جس پر ان کا دوسرا بلڈ ٹیسٹ کروایا گیا جس میں وائرس کی ایک بار تصدیق ہوگئی ۔میڈیکل ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ اس مرض کی بروقت اور درست تشخیص ہونا انتہائی ضروری ہے کیوں کہ بروقت تشخیص سے اس مرض کے علاج کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے جبکہ مریض کو بھی طویل المدت پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا،لاعلم مریض انجانے میں یہ وائرس دوسروں کو بھی منتقل کرسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اب شاداب خان کو بہترین علاج کے لیے انگلینڈ بھجوانے کا انتظام کررہا ہے