کابینہ کو دیکھ کر یہی لگتاہے کہ اب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، سید وسیم اختر

جن لوگوں پر کرپشن کلچر عام کرنے اور قومی خزانے کو لوٹنے کے الزامات ہیں وہ پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ میں بیٹھے ہیں، امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب

پیر 22 اپریل 2019 21:44

کابینہ کو دیکھ کر یہی لگتاہے کہ اب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، سید ..
بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہاہے کہ کابینہ کو دیکھ کر یہی لگتاہے کہ اب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ جن لوگوں پر کرپشن کلچر عام کرنے اور قومی خزانے کو لوٹنے کے الزامات ہیں وہ پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ حالات نے ثابت کردیاہے کہ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا ہی نیو ایڈیشن ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کو اب صاف دامن لوگوں کی حکومت کون تسلیم کرے گا۔ پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹر بھی حیران ہیں کہ ان کو کیا خواب دکھائے گئے اور ہو کیارہاہے۔ عوام پر گزرے حکومت کے 244 دن اتنے مشکل ہیں کہ ہر آنے والا دن دوسرے دن پر بھاری رہا۔ حکومت اپنے تمام وعدے اور دعوے بھول چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے جو محض آٹھ ماہ کے اندر ہی اپنا ٹیمپو لوز کر بیٹھی ہے۔

عوام کے مستردکردہ لوگوں کو کابینہ میں بٹھا کر حکومت کون سی تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ کابینہ میں لیے گئے لوگ دیگ کے وہ چند چاول ہیں جنھیں دیکھ کر پوری دیگ خراب ہونے کی گواہی ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ ورلڈ بنک کے اشارے پر ایسے لوگوں کے حوالے کی جارہی ہے جو پہلے بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر چلتے رہے ہیں اور اب بھی انہیں قومی معیشت کی بہتری کے بجائے عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات کی تکمیل کا ایجنڈا پورا کرنے کے لیے ہی لایا گیاہے۔