ورلڈ کپ جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے، مکی آرتھر

بہترین تیاری کی ہے لیکن ورلڈ کپ میں جیت ہو گی یہ گارنٹی نہیں دی جا سکتی،کوچ قومی ٹیم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 22 اپریل 2019 19:44

ورلڈ کپ جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتے، مکی آرتھر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترینأ22اپریل2019ء) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سینئیر کوچ مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ورلڈکپ کے لیے بہترین تیاری کی ہے مگر جیتنے کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی ، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے اس سب سے بڑے ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔ مکی آرتھر قذافی سٹیڈیم لاہور میں کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے جب انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ٹیم بہت اچھی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف ٹاپ فور کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام 10 میچوں میں اچھاکھیل پیش کرنا ہو گا اور قومی ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔ 
 مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اور انہیں حفیظ اور شعیب ملک کی باولنگ پربھرپور اعتماد ہے، انہوں نے بتایا کہ محمد حفیظ نے ٹریننگ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی ہے جس پر وہ خوشی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری ٹیم نے بہترین تیاری کی ہے لیکن ورلڈ کپ جیتنے کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نظر سیمی فائنل پر ہے اور ہماری پہلی ترجیح ٹاپ فور میں پہنچنے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں گیارہ کھلاڑی وہ ہیں جو چیمپینز ٹرافی کھیلے ہوئے ہیں اور تین کھلاڑی انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ناواقف ہیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ ورلڈ کپ میں ہمارا کیا اسکواڈ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا شمار ان تین چار ٹیموں میں ہوتا ہے جس نے آئی سی سی کے تمام ایونٹ جیتے ہوئے ہیں اور قومی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ورلڈ کپ میں میری نظر میں کوئی ایک نہیں بلکہ تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہوں گے، مجھے پوری امید ہے شاداب خان ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں میری رائے ہمیشہ شامل رہی ہے۔