پاکستان اسلام دشمن قوتوں کے نرغے میں ہے جن کو شکست دینے کیلئے ہمیں آپس میں اتفاق ، اتحاد کرنا ہوگا

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا سردارمحمد ایوب مرحوم کی برسی کی تقریب سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 22:53

باغ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ پاکستان اسلام دشمن قوتوں کے نرغے میں ہے جن کو شکست دینے کیلئے ہمیں آپس میں اتفاق ، اتحاد اور ملکی یکجہتی کیلئے بحیثیت قوم اپنا بھرپور کردار دا کرنا ہوگا۔ نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے برادری اورعلاقائیت کے بتوں کو توڑ کر انسانیت کی خدمت ، حقوق العباد کی ادائیگی اور رب العزت کی بندگی کو اپنا شعار بنا نا ہوگا۔

آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ قانون ساز اسمبلی خوش قسمت ہے جسے ختم نبوت ؐ کو آئین کا حصہ بنانے کا شرف حاصل ہوا۔یہ ہمارے لیے دنیاو آخرت میں کامیابی اور نجات کاسامان ہے ۔ اس وقت تک کوئی بھی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک اسے اپنے ماں باپ آل اولاد سے زیادہ نبی رحمت ﷺ کی ذات اور عزت و آبرو عزیز نہ ہو۔

(جاری ہے)

میجر ریٹائرڈسردار محمد ایوب ایک عظیم شخصیت تھے جنہوں نے کسی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ختم نبوت ؐ کی قرارداد پیش کی ،دنیاوی عہدے ان کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں رکھتے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سابق سپیکر محرک ختم نبوت ؐ قرارداد میجر ریٹائرڈ سردارمحمد ایوب مرحوم کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت سردار میر اکبر خان ، راجہ مشتاق احمد منہاس ، کرنل ریٹائرڈ قیوم، رشید چغتائی، راجہ سعید انقلابی، سردارمشتاق نیئر، سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ،ملک آفتاب،سردار امتیاز شاہین ،صادق عثمانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ ختم نبوت ؐ کیلئے قانون کو قانون سازی کے ذریعے مزید موثر بنائیں گے ۔ وزیر اعظم نے باغ وویمن یونیورسٹی کو میجر ریٹائر ڈ سردار محمد ایوب کے نام سے منسوب کرنے کیلئے قانون سازی کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ باغ تاریخی ہستیوں کا شہر ہے ۔سردار محمد عبدالقیوم خان ،سیدمظفر ندوی ، سردار خادم حسین شاہ، شمشاد حسین شاہ، سردار محمد حسین خان دھڑے،سید حسن گردیزی سمیت درجنوں نامور شخصیات گرزری ہیں جن کا تحریک آزادی کشمیر میں ہر اول دستے کا کردار رہا ہے ۔

بلدیاتی انتخابات ضرور کروائیں گے اگر نئی حلقوں بندیوں کے باعث معاملات عدالتوں میں زیر کا ر نہ ہوتے تو اس وقت تک ہو چکے ہوتے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی کارکنان جماعت کا ہی نہیں علاقے اور ریاست کا سرمایہ ہوتے ہیں مجھے خود بھی سیاسی کارکن ہونے پر فخر ہے ۔ بدقستمی سے آج کل مرکزی رہنمائوں کا اخبارات اور سوشل میڈیا پر ایک سیلاب آیا ہوا ہے ، بلدیاتی انتخابات ہوئے تو لوگوں کی صلاحیت اور اہلیت کھل کر سامنے آئے گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ علماء کرام عوام تک حق پہنچانے اور نبی رحمتﷺ اور رب العزت کے حقیقی پیغام سے روشناس کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔