سرگودھا یونیورسٹی میں زمین کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات اور آگاہی واک

پیر 22 اپریل 2019 22:57

سرگودھا۔22اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں زمین کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ زمین کے تحفظ میں ہی انسانیت کی بقا ہے۔ اس سلسلہ میں شعبہ ارتھ سائنسز کے زیر اہتمام واک کا اہتمام ہوا جس کی قیادت رجسٹرار سرگودھا یونیورسٹی محمد فہد اللہ نے کی جبکہ چیئرمین شعبہ ارتھ سائنسز ڈاکٹر عمر ریاض،فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے واک میں شرکت کی۔

طلبہ نے موقع کی مناسبت سے تھری ڈی ماڈلز،چارٹس، پلے کارڈز اور بینر ز تیار کیے جن میں زمین کو صاف ستھرا رکھنے اور اس کے تحفظ سے متعلق نعرے درج تھے۔واک کے اختتام پر ماہرین نے بتایا کہ گلوبل وارمنگ سے خطہ ارضی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے جس کی وجہ سے حیاتیاتی تنوع بھی شدید مشکل صورتحال سے دوچار ہے، اس کراہ ارض اور حیاتیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

زرعی کالج میں شعبہ مطالعہ زمین و ماحولیات کے زیر اہتمام زمین کے عالمی دن کے موقع سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر زراعت و مٹی کے تجزیاتی ماہرین نے زمین کی اہمیت پر جدید تحقیق کے بارے میں طلبہ کو آگاہی دی۔ لیبارٹری برائے تجزیہ اور تحقیق ِمٹی و پانی سرگودھا کے ڈاکٹر فراز احمد نے کہا کہ جو اقوام اپنی مٹی سے پیار نہیں کرتیں وہ اپنے آپ کو تباہ کر لیتی ہیں۔

ہماری زمین اسی صورت ہمارے لیے کار آمد اور زرخیز ہے جب تک اسے بہتر بنانے کیلئے اپنے بنیادی فرائض سر انجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے زمین کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے قدرتی معدنیات اور کھاد کے استعمال اور ان عوامل کے بارے میں بتایا کہ جو زمین کی زرخیزی کا باعث ہیں۔زرعی انسٹیٹیوٹ سرگودھا کی نوشین زہرا نے کہا کہ زمین کو صاف اور بہتر بنانے کیلئے ہمیں شجر کاری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ، پانی کے تحفظ اور مٹی کی حفاظت کیلئے عملی کاوشیں کرنا ہوں گی۔

زمین کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔پرنسپل زرعی کالج ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے کہا کہ زمین کاعالمی دن پوری دنیا میں منایا جا تا ہے جس کا مقصد پوری دنیا کی زمین حفاظت کرنا ہے اور یہ حفاظت انسانیت کی سب سے بہترین خدمت ہے۔زمین سے ہی انسانی بقا منسلک ہے۔سیمینار میں عالمی یومِ زمین سے متعلق بنائی گئی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

شعبہ نباتیات کے زیر اہتمام بھی عالمی یومِ ارض کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے آئے ہوئے ممتاز سکالر ڈاکٹر محمد ابراہیم اور ڈاکٹر محمد ادریس نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ زمین اور اس پر پائی جانیوالے جانداروں کی انواع کی حفاظت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے،اس مقصد کیلئے آلودگی کا خاتمہ، شجر کاری اور آبی ذرائع کی دیکھ بھال ہم سب پر فرض ہے۔اس موقع پر چیئرمین شعبہ باٹنی پروفیسر ڈاکٹر عامر علی،ڈاکٹر کفیل احمد اور ڈاکٹر عبدالغنی فریدی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔