بلاول بھٹو زرداری 3مئی کوجناح کنونشن سنٹر میں پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام قومی لیبر کنونشن سے خطاب کریں گے

پیر 22 اپریل 2019 22:57

بلاول بھٹو زرداری 3مئی کوجناح کنونشن سنٹر میں پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 3مئی کوجناح کنونشن سنٹر میں پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام قومی لیبر کنونشن سے خطاب کریں گے جس میں ملک بھر سے صنعتی و تجارتی اداروں کی ٹریڈ یونینز کے نمائندگان، کارکنان اور مزدور شرکت کریں گے کنونشن کا تھیم ’’مزدور کا بھٹو زندہ ہے‘‘ ہو گا۔

اس امر کا اعلان پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے گذشتہ روز پیپلز سنٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پیپلز لیبر بیوروکے اجلاس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز (سی بی ای) کے جنرل سیکرٹری سہیل مختار، ایچ بی ایف سی (سی بی ای) کے راجہ پرویز اختر،فوجی فائونڈیشن ایمپلائز یونین کے عشرت علی زیدی، واپڈا سی بی اے کے سجاد حسین ساجد، پاک ٹیلی کام یونٹی کے کبیر خان،مری بروری ورکرز یونین کے چوہدری محمد سلیم، بینکس ایمپلائز فیڈریشن کے چوہدری محمد فاروق، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے کامریڈ چنگیز، اوپن یونیورسٹی ایسوسی ایشن کے لیاقت حسین کاظمی،پاک پی ڈبلیو ڈی اتحاد یونین کے ذیشان شاہ، ریڈیو پاکستان سی بی اے کے محمد اعجاز، ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے راجہ عمران بگا، میونسپل لیبر یونین سی بی اے راولپنڈی کے راجہ عبدالمجید، پیپلز ریڑھی ہاکرز کے محمد نعیم،سول ایوی ایشن ایمپلائز یونین کے تیمور بیگ، سی ڈی اے لیبر یونین کے راجہ اشتیاق احمد، سردار اشفاق، اعجاز حسین شاہ، غلام محمد ناز،چوہدری اکرم، رئوف اعوان سمیت پیپلز لیبر بیورو سے ملحقہ ٹریڈ یونینزکے دیگر عہدیداران اور نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی لیبر کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا اور اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو فوری طور پر اپنا کام شروع کر دیں گی۔ سید نذر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مزدور پیپلز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جماعت ہے اور کنونشن میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شایان شان استقبال کیا جائے گا۔