وزیراعلیٰ کی زیر صد ارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس

ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی منظوری،فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے ‘لاہور3 بس ٹرمینل بنا نے کا فیصلہ‘سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں ‘شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے،وزیراعلیٰ

پیر 22 اپریل 2019 23:09

وزیراعلیٰ کی زیر صد ارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس
لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ایل ڈی اے سٹی فیزون کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی پلاٹنگ کا کام 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میں خصوصی افراد کے بھرتی کے کوٹہ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی‘ فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا‘ لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں 3 بس ٹرمینل بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2040 کیلئے کنسلٹنٹ اور دیگر امور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے کے زیر اہتمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اور شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنانے کیلئے طریقہ کار اور اصول و ضوابط وضع کرنے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی رائز بلڈنگز کی پلاننگ کی پالیسی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کی حدود سے دیگر اضلاع کو نکالنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور داخلی راستوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ‘انہوں نے کہاکہ کاغذوں پر پلاننگ نہیں بلکہ عملی اقدامات کرکے دکھائیں جائیں‘ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تاخیر قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے سڑکوں پر روڈز سائن لگانا ضروری ہے اور سڑکوں پر روڈز سائن لگانے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ شہر کے کاروباری مراکز کو اپ لفٹ کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں آمد و رفت میں آسانی کیلئے راستوں کو کشادہ کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارکیٹوں میں فائر فائٹنگ کیلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا اور تجارتی و کاروباری مراکز کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمدعمران، ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، اراکین پنجاب اسمبلی عمر آفتاب، محمد عاطف، سعدیہ سہیل، سیکرٹری ہائوسنگ اور ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔