شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں کم عمری میں شادی کے عنوان پر آگاہی سیمینارکا انعقاد

منگل 23 اپریل 2019 00:04

سکھر۔ 22اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام کم عمری میں شادی کے عنوان پر ایک روزہ آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر سماجی و حقوقِ نسواں کی متحرک کارکن نور فاطمہ نعیم منگی نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں شادی ہمارے سماج کا سب سے برا عمل ہے۔

اس عمل سے معاشرے کے نہایت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ کم عمری کی شادی کے نتیجے میں نہ صرف لڑکیوں کی حق تلفی ہوتی ہے بلکہ اس سے معاشرتی، ثقافتی و معاشی مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ اس موقع پر نوجوان محقق اور پروفیسر سید فاروق شاہ نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم معاشرے کے برے افعال کے خلاف اعلانِ جنگ کریںاور ہمارا یہ مقصد صرف پڑھے لکھے لوگوں کی شرکت سے پورا ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کی ڈائریکٹر پروفیسر تسلیم عالم ابڑو اور شہداد کوٹ کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ بخاری نے کہا کہ سماجی برائیوں کو اجاگر کرنے میں انسٹیٹیو ٹ آف جینڈر اسٹڈیز کا کردار کلیدی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی خاص ہدایات پر یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سیمینار میں اساتذہ، محققین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :