وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

منگل 23 اپریل 2019 00:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پیر کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی آمد پر وفاقی وزیر کو وزارت کے ڈھانچے اور کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کا وزارت کے سینئر افسروں بشمول منسلکہ محکموں اور شعبوں کے سربراہان سے تعارف کرایا گیا۔

پی سی ایس آئی آر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ لیبارٹریوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام لیبارٹریاں ایسا نظام وضع کریں جہاں انسانی مداخلت کم سے کم ہو اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفکیشن کے نظام پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، اس کے ذریعے صنعتوں اور ماہرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ لیبارٹریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے لئے پالیسی تیار کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیبارٹریوں کے معیارات کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور پاکستان کے سرٹیفکیشن کے نظام کو اتنا بہترین ہونا چاہیے کہ اس پر عالمی سطح پر اعتماد کیا جائے۔ اس حوالے سے منگل کو بھی اجلاس منعقد ہو گا۔