سعودی عرب، ’الطرفیہ جیل‘ میں قیدیوں کو فائیو سٹار سہولیات کی فراہمی شروع

منگل 23 اپریل 2019 09:45

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) سعودی جیل انتظامیہ نے 'وقت کا بہترین استعمال' کے عنوان کے تحت جیل کا تصور ہی بدل دیا ۔ قصیم شہرکی ’الطرفیہ جیل‘ میں قیدیوں کو فائیو سٹار سہولیات فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق سعودی جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ الطرفیہ جیل میں قیدی محض چار دیواری میں قید نہیں ہوتے بلکہ وہ تین بنیادی سرگرمیوں میں سے کسی ایک میں حصہ لے کر وقت کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔

فنون لطیفہ کے سیکشن میں قیدی مصوری اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ دوسرے سیکشن میں قیدی فٹبال، والی بال ، ویٹ لفٹنگ ، شطرنج، پلے سٹیشن، سنوکر، ٹینس اور دیگر سرگرمیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ میڈیا سیکشن میں قیدی جیل کے مقامی چینل دیکھنے کے علاوہ میگزین تیار کرنے میں صحافتی مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قیدی ان تینوں سیکشنز کے علاوہ جیل میں موجود بہترین ریستوران میں کھانا بھی کھا سکتے ہیں۔

جیل میں موجود کیفے میں اپنی پسند کی کافی پی سکتے ہیں یا پھر ورزش گاہ جا کر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیل میں مختلف اقسام کے وارڈز ہیں۔ ہر وارڈ میں 12یونٹس ہیں اور ہر یونٹ میں 5 افراد مقیم ہیں۔ قیدیوں کے لئے جنرل سٹور ، باربر شاپ اور لائبریری کی سہولت بھی موجود ہے۔جیل میں قیدیوں کو دینی علوم کے علاوہ انگریزی زبان، کمپیوٹر اور شعر و ادب کے علاوہ ذاتی مہارتیں حاصل کرنے کے گر سکھائے جاتے ہیں۔

جیل میں موجود لائبریری میں کوئی بھی قیدی جا کر کتابوں کا مطالعہ کر سکتا ہے اور چاہے تو وہ پڑھنے کے لئے کتاب اپنے وارڈ میں بھی لے جا سکتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جیل نے امام محمد بن سعود یونیورسٹی سے معاہدہ کر رکھا ہے۔ اس وقت 132قیدی امام محمد بن سعود یونیورسٹی میں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 11 رواں سال بیچلرڈگری حاصل کریں گے۔