بھارت میں عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا

مودی کے حلقے سمیت کل 117 نشستوں پر 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اپریل 2019 10:33

بھارت میں عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اپریل۔2019ء) بھارت میں ہونے والے عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حلقے سمیت کل 117 نشستوں پر ووٹنگ کی جائے گی. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پڑوسی ملک میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات کے تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 15 ریاستوں کی 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے.

الیکشن کے اس سب سے بڑے مرحلے کے دوران 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے‘اس مرحلے میں ریاست گجرات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حلقے اور ریاست کیرلا میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ جاری ہے.

(جاری ہے)

گجرات میں نریندر مودی سخت سیکورٹی میں اپنے حق رائے دہی کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے.

خیال رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی. ان انتخابات میں بھارت کے مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حقِ رائے رہی استعمال کریں گے‘ایک روز قبل بھارتی ریاست مہاراشٹر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی پاکستان مخالف بیان سے ووٹرز کو اپنی جانب مبذول کرواتے نظر آئے.

انہوں نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کو ایک کمزور حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو ایسی حکومت چاہیے جو پاکستان میں ہے یا آپ کو ایک مضبوط وزیراعظم چاہیے؟خیال رہے کہ نریندر مودی اور ان کی جماعت بی جے پی انتخابات کے دوران حریفوں پر سبقت حاصل کرنے اور عوام کے جذبات کو ابھارنے کے لیے انتخابی مہم کے دوران پاکستان مخالف بیانات کا سہارا لیتے رہی ہے.

خیال رہے کہ انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی. اس مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے‘یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے روز پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں 7 افراد ہلاک ہوئے.

اسی طرح دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 18 اپریل کو ہوئی جس میں 12 ریاستوں کی 95 نشستوں پر جہاں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 15 کروڑ 50 لاکھ تھی. اس مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی ان میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر، کرناٹکہ، مہاراشٹرا، مانی پور، اوڈیشا،اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری شامل تھے. آسام، بہار اور گجرات سمیت بھارت کی 13 ریاستوں میں لوک سبھا کے انتخاب کے لیے ووٹ آج ڈالے جائیں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا انتخابی ڈرامہ ناکام ہوگیا، اننت ناگ میں آج ہونے والی ووٹنگ کے بائیکاٹ کے لیے حریت راہنما سید علی گیلانی نے اپیل کر دی ہے.

بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ آج ہوگی‘تیسرے مرحلے پر 13 ریاستوں،2یونین ٹیریٹریز کی 117 نشستوں پر پولنگ ہوگی جس میں آسام،بہار،چھتیس گڑھ،گجرات،مہاراشٹر، اترپردیش، گوا، کرناٹکا،کیرالہ،اڑیسہ اور مغربی بنگال کے حلقے شامل ہیں. لوک سبھا کے ساتوں مرحلے مکمل ہونے کے بعد نتائج کااعلان 23مئی کو کیا جائےگا.